برطانوی یرغمالیوں کی نئی ویڈیو

پیٹر مور
،تصویر کا کیپشنسنہ دو ہزار آٹھ میں جاری کی گئی ویڈیو میں بھی پیٹر مور بات نظر آئے تھے
وقت اشاعت

عراق کے دارالحکومت بغداد سے دو سال پہلے اغو کیے جانے والے برطانوی شہریوں کے اغوا کاروں نے اپنے مغویوں کی نئی ویڈیو ٹیپ بنا کر بغداد میں موجود برطانوی سفارتخانے کو بھیجی ہے۔

چینل فور نیوز کے مطابق ویڈیو میں ایک مغوی پیٹر مور کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ پانچوں مغویوں سے اچھا برتاؤ کیا جا رہا ہے۔

یہ ویڈیو آٹھ دن پہلے بنائی گئی ہے اور یہ میڈیا کو ریلیز نہیں کی گئی۔

دفترِ خارجہ اور دولتِ مشترکہ کے ایک ترجمان نے ویڈیو کی تفصیل نہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک ’اہم پیش رفت‘ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ’یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ہم نے تمام اغوا شدگان کی بحفاظت رہائی کی کوششیں جاری رکھی ہیں۔‘

ان پانچ برطانوی شہریوں کو جن کے نام کبھی بھی سرکاری طور پر نہیں بتائے گئے، مئی دو ہزار سات میں عراق کی وزارتِ خزانہ سے چالیس کے قریب پولیس کے یونیفارم میں ملبوس افراد نے اغوا کیا تھا۔

اس وقت اغوا کا الزام شیعہ رہنما مقتدیٰ صدر کی ریڈیکل ملیشیا مہدی آرمی پر لگایا گیا تھا۔

یہ واقعہ برطانوی فوج کے ہاتھوں بصرہ میں مہدی آرمی کے کمانڈر کی ہلاکت کے ایک ہفتے کے بعد پیش آیا۔

فروری دو ہزار آٹھ میں جاری کی گئی ویڈیو میں پیٹر مور کو یہ کہتے ہوئے دکھا گیا تھا کہ ’میرا نام پیٹر مور ہے، میں یہاں تقریباً آٹھ ماہ سے زیرِ حراست ہوں۔‘