’میرا کریئر تباہ ہو جائے گا‘

،تصویر کا ذریعہRIA Novosti
برازیلی شہر ریو میں منعقد ہونے والے اولمپک کھیلوں میں روسی ایتھلیٹس پر پابندی کے تناظر میں ایک روسی چیمپیئن سرگی شوبنکاف نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ’صاف ستھرے کھلاڑی ہیں جن کا کیریئر تباہ ہو جائے گا۔‘
سرگی شوبنکاف نے مزید کہا: ’یہ سب کچھ اس لیے ہو رہا ہے کیونکہ آئی اے اے ایف اور ’واڈا‘ جیسے بین الاقوامی کھیلوں کے اداروں پر انھی کی کمیونیٹیز بہت دباؤ ڈال رہی ہیں۔انھیں اپنی ساکھ بچانی پڑ رہی ہے۔‘
سرگی نے مزید کہا: ’ظاہر ہے کہ منشیات لینے والے لوگوں کو سزا ملنی چاہیے اور مجھے ان سے کوئی ہمدردی نہیں ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ آپ کو نظر آ رہا ہے کہ مجھے بھی سزا مل رہی ہے اور میں ایک صاف ستھرا ایتھلیٹ ہوں۔‘
’کسی کے پاس میرے خلاف ڈوپنگ کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ہے لیکن پھر بھی میں اولمپکس میں شرکت نہیں کر سکتا۔‘
’میں اپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے نظر ملا کر کہہ سکتا ہوں کہ میں نے منشیات نہیں لیں۔ میں تو بچوں سے بھی کہہ سکتا ہوں کہ میں نے کبھی ڈوپنگ نہیں کی۔‘
’پچھلے پانچ سالوں سے جب سے میں نے عالمی سطح پر کام کرنا شروع کیا ہے تب سے میری نگرانی کی جا رہی ہے۔ یہ لوگ میرا ٹیسٹ دوبارہ لے سکتے ہیں، میں کچھ بھی کرنے کو تیار ہوں۔‘
’میں بہت مایوس ہوں، کسی کو اس بات کی فکر نہیں ہے کہ میرا کریئر تباہ ہو جائے گا۔‘
دریں اثنا روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ملک میں کھیلوں کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک آزاد انسداد ڈوپنگ کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کمیشن میں بیرونی ماہرین ہونے چاہیے اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سابق نائب صدر ویٹلی سمرناف کو اس کی قیادت کرنی چاہیے۔
جمعرات کو روس نے اپنے ٹریک اور فیلڈ ایتھلیٹس کی معطلی کے خلاف اپیل گنوا دی تھی جن پر ڈوپنگ کے الزامات عائد ہوئے تھے۔















