آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

ٹیسٹ کرکٹ میں سنہ 2005 سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے شین واٹسن پانچ ایشیز سیریز بھی کھیل چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنٹیسٹ کرکٹ میں سنہ 2005 سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے شین واٹسن پانچ ایشیز سیریز بھی کھیل چکے ہیں
وقت اشاعت

آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن پنڈلی میں تکلیف کے باعث دورہ انگلینڈ کو مختصر کرنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔

34 سالہ شین واٹسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں 59 میچ کھیلتے ہوئے 35.19 کی اوسط سے تین ہزار سات سو 31 رنز بنائے ہیں جبکہ انھوں نے 33.68 کی اوسط سے 75 ٹیسٹ وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سنہ 2005 سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے شین واٹسن پانچ ایشیز سیریز بھی کھیل چکے ہیں جن میں حال ہی میں ہونے والی ایشیز سیریز بھی شامل ہے۔ اس سریز میں آسٹریلیا کو تین، دو سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کا اپنی ریٹائیرمنٹ کے بارے میں کہنا ہے کہ ’میں جانتا ہوں کہ آگے بڑھنے کا یہ صحیح وقت ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’یہ جانتے ہوئے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی بہترین کاکردگی کے معیار کو حاصل کرنے کے لیے جسمانی، ذہنی اور تکنیکی لحاظ سے مجھے جس دور سے گزرنا پڑےگا، اس کے لیے میرے اندر ایسی کوئی لڑائی نہیں چل رہی ہے خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ کے لیے۔‘

’میرے لیے کیا صحیح ہے اس کا فیصلہ کرنے کے لیے میں اپنے گھر والوں اور خاص طور پر اپنی ٹیم کے ساتھ مختلف قسم کے جذباتی ادور سے گزار ہوں۔‘

شین واٹسن کا مزید کہنا تھا کہ ’گذشتہ دو دنوں سے بہت کچھ واضح ہو گیا تھا کہ میرے لیے کون سا فیصلہ صحیح ہے، میں نے ممکنہ طور پربہترین کاکردگی دکھانے کے لیے اپنی طور پر پوری کوشش کی ۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں سب کچھ نہیں چھوڑ رہا، میں آسٹریلیا کے لیے ابھی ٹی20 اور ایک روزہ کرکٹ کھیل سکتا ہوں ۔‘

انگلینڈ کے خلاف جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں شین واٹسن زخمی ہو گئے تھے۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے 64 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔