وینچینزو نبیلی نے ٹور ڈی فرانس جیت لی

،تصویر کا ذریعہAFP
اطالوی سائیکل سوار وینچینزو نبیلی نے ٹور ڈی فرانس کے 101 ویں ریس جیت لی ہے۔
نبیلی نے کامیابی سے ریس کا آخری مرحلہ مکمل کیا اور پیرس میں شانزے لیزے پہنچ کر ریس کا اختتام کیا۔
اطالوی سائیکل سوار چھٹے ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے تینوں گرینڈ ٹورز یعنی ٹور ڈی فرانس، گائرو ڈی اٹالیہ اور وولیٹا آ ایسپانا جیتی ہیں۔
جرمنی کے مارسل کیٹل نے اتوار کا آخری روایتی سپرنٹ فلیش جیتا تاہم اس سے نبیلی کی کامیابی پر کوئی فرق نہیں پڑا۔
نبیلی کے لیے ریس کے اس آخری مرحلے میں سب سے اہم بات یہ تھی کہ وہ ریس کے اختتام تک بخیر و عافیت پہنچ جائیں کیونکہ ریس کی روایت ہے کہ مقابلے کے لیڈر کو آخری مرحلے میں چیلنج نہیں کیا جاتا ہے۔
29 سالہ کھلاڑی نے ریس میں اس وقت سے اپنی برتری برقرار رکھی جو انہوں نے برطانیہ میں شیفیلڈ سے ریس کے دوسرے مرحلے میں حاصل کی اور ریس کے 21 میں سے باقی 18 دنوں میں پیلی جرسی پہنے رکھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
وہ 1998 میں مارکو پینٹینی کے بعد ریس جیتنے والے پہلے اطالوی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میری اور پینٹینی کی فتح میں موازنہ بہت مشکل ہے کیونکہ مارکو نے کامیابی آخری ہفتے میں حاصل کی اختتام سے دو دن پہلے۔‘
جزیرے سسلی سے تعلق رکھنے والے نبیلی نے کہا کہ ’میرے معاملے میں یہ اس کے برعکس ہے میں نے پیلی جرسی دوسرے دن ہی حاصل کر لی تھی۔‘















