منشیات کا الزام، وجیندر سنگھ کا ڈوپ ٹیسٹ

بھارتی اولمپیئن باکسر وجیندر سنگھ نے اپنے خون اور پیشاب کے نمونے تجزیے کے لیے فراہم کر دیے ہیں۔
حال ہی میں ریاست پنجاب کی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ بیجنگ اولمپک میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے بھارتی باکسر وجیندر سنگھ نے غیر قانونی طریقے سے حاصل کی گئی ہیروئین کا بارہا استعمال کیا تھا۔
ان الزامات کے بعد بھارتی وزارتِ کھیل نے قومی انٹی ڈوپنگ ایجنسی کو ان کا ڈوپ ٹیسٹ کرنے کو کہا تھا۔
وجیندر ان الزامات سے انکار کرتے آئے ہیں اور ابتدا میں اس طرح کے کسی بھی ٹیسٹ سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم وزارت کھیل کی جانب سے دباؤ کے بعد وہ منشیات کا ٹیسٹ کرانے کے لیے تیار ہوگئے تھے تاہم اب بھی اپنے بالوں کے نمونے دینے کے لیے وہ تیار نہیں ہیں۔
بھارتی وزیرِ کھیل جتندر سنگھ نے بدھ کی رات بتایا کہ ’وجیندر اور دیگر باکسروں کے خون اور پیشاب کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی کارروائی سے قبل تجزیوں کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔ میں قیاس آرائیاں نہیں کرنا چاہتا لیکن اگر وجیندر نے غلطی کی ہے تو اسے سزا ملے گی لیکن سزا پوری ہونے کے بعد اس کی یہ عادت چھڑوانے پر کام شروع ہونا چاہیے۔‘
پنجاب پولیس نے بدھ کی رات باکسنگ کی تربیت میں وجیندر کے ساتھی رام سنگھ کو بھی حراست میں لیا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب پولیس نے حال ہی میں بڑی مقدار میں ہیروئن برآمد کی تھی اور اس سلسلے میں ایک کینیڈین شہری سمیت پندرہ افراد کو حراست میں لیا گيا تھا۔ پولیس کے مطابق ان افراد سے پوچھ گچھ سے معلوم ہوا کہ ہیروئن وجیندر سنگھ کو بھی سپلائی کی جاتی تھی۔
پنجاب پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک کی تفتیش کے مطابق وجیندر نے تقریباً 12 بار اور ان کے دوسرے ساتھی رام سنگھ نے تقریباً پانچ بار ہیروئین کا استعمال کیا۔
کینیڈا کے رہنے والے منشیات کے مبینہ سمگلر كہلو عرف روبی کو پولس نے تین مارچ کو گرفتار کیا تھا اور چنڈی گڑھ کے بیرونی علاقے جرك پر واقع اس کی رہائش گاہ سے تقریباً 130 کروڑ روپے کی ہیروئن ضبط کی گئی تھی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق مکّے باز رام سنگھ اور وجیندر سنگھ نے دسمبر 2012 سے فروری 2013 کے درمیان كہلو اور اس کے ساتھی ركي سے ذاتی استعمال کے لیے ہیروئن لی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رام سنگھ نے دسمبر 2012 میں تنہا ہی ہیروئین خریدی اس کے بعد دونوں مکّے باز ساتھ مل کر منشیات خریدنے کے لیے جنوری میں ایک بار اور اس سال فروری میں دو بار گئے۔
وجیندر سنگھ خود پڑوسی ریاست ہریانہ پولیس میں ڈی ایس پی ہیں اور انھیں ریاستی حکومت نے یہ ملازمت باكسنگ چیمپیئن ہونے کی وجہ سے دی ہے۔















