
پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ شاہد خان آفریدی نے اگر بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں اچھی کارکردگی دکھائی تو انہیں ون ڈے میچز میں کھلانے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
دورہء بھارت کے لیے قذافی سٹیڈیم میں لگائے گئے کیمپ میں پریکٹس میچز میں شاہد آفریدی نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے پریکٹس ون ڈے میچ میں چالیس گیندوں پر باون جبکہ دوسرے ون ڈے میں چونسٹھ گیندوں پر نوے رنز بنائے۔
مصباح الحق نے کہا ہے کہ جب کوئی سینیئر کھلاڑی اس طرح کی کار کردگی دکھاتا ہے تو اس کا اعتماد اور فارم بحال ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی شاہد آفریدی کی فارم اسی طرح رہی تو انہیں ون ڈے میں ضرور مد نظر رکھا جائے گا۔
مصباح الحق کے مطابق بھارت کا دورہ ہمیشہ اہم ہوتا ہے اور یہ دونوں ٹیموں کے لیے ایک کڑا امتحان ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کو بہترین اور جارحانہ کرکٹ کھیلنی ہو گی اور وہ اس سیریز کو جیتنے کی کوشش کریں گے۔
اچھے نتائج
"سعید اجمل ہمیشہ ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ ہوتے ہیں لیکن بھارت کے خلاف صرف سعید اجمل پر ہی انحصار نہیں کیا جا سکتا بلکہ پوری ٹیم اگر اچھی پرفارمنس دے گی تب ہی نتائج اچھے دیے جا سکتے ہیں"
مصباح الحق
مصباح الحق نے تسلیم کیا کہ سعید اجمل ہمیشہ ٹیم کے لیے ٹرمپ کارڈ ہوتے ہیں لیکن بھارت کے خلاف صرف سعید اجمل پر ہی انحصار نہیں کیا جا سکتا بلکہ پوری ٹیم اگر اچھی پرفارمنس دے گی تب ہی نتائج اچھے دیے جا سکتے ہیں۔
مصباح الحق کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان سیریز باقاعدگی سے ہو یا طویل وقفے کے بعد ہر بار دباؤ بہت ہوتا ہے کیونکہ لوگ اپنی ٹیم سے بہت توقعات رکھتے ہیں لیکن ان کی کوشش ہو گی کہ وہ نارمل کرکٹ کھیلیں او یہی بات ہمارے لیے اہم ہو گی کہ ہم جس طرح دوسری ٹیموں کے ساتھ بغیر کسی دباؤ کھیلتے ہیں اسی طرح انڈیا کے ساتھ مقابلہ کریں۔
لاہور سے بی بی سی کی نامہ نگار کے مطابق مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو نجی پارٹیوں میں شرکت سے منع کرنا کوئی بڑا ایشو نہیں بلکہ یہ اچھی بات ہے کہ ٹیم پوری طرح کرکٹ اور مقابلے پر توجہ دے گی۔
مصباح الحق نے انضمام الحق کی کھلاڑیوں کی بیٹنگ میں اصلاح کو سراہا اور کہا کہ وہ بہت بڑے کھلاڑی ہیں اور بھارت میں ان کا تجربہ وسیع ہے۔انضمام کھلاڑیوں کو نفسیاتی اور ذہنی تیاری کروا سکیں گے کہ کیسے بطور بیٹسمین ہر طرح کےحالات سے نمٹنا ہے۔
مصباح الحق کے مطابق بھارت کی ٹیم انگلینڈ سے ہاری ہوئی ہے تو اس سے یہ انہیں کہا جا سکتا کہ وہ ہارے ہوئے ہیں تو ان سے جیتنا آسان ہو گا بلکہ بھارتی ٹیم اپنی ساکھ بچانے کے لیے اور محنت کرے گی اور ان سے جیتنے کے لیے ہمیں چوکس رہنا پڑے گا۔






























