
بھارت کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا اعلان کردیا ہے اور ون ڈے سکواڈ سے شاہد آفریدی کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
پاکستان بھارت میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچ کھیلے گا۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی پچیس دسمبر کو بنگلور اور دوسرا ٹی ٹوئنٹی احمد آباد میں ستائیس دسمبر کو ہو گا۔
ایک روزہ سیریز میں تین میچ کھیلے جائیں گے ۔ پہلا ایک روزہ میچ تیس دسمبر کو چنائی، دوسرا کولکتہ میں تین جنوری کو اور تیسرا ایک روزہ چھ جنوری کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ فاسٹ بولر اسد علی اور لیفٹ آرم سپنر ذوالفقار بابر پہلی مرتبہ سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
اسد علی نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ پندرہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ذوالفقار بابر گزشتہ چند سیزن سے مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آرہے ہیں۔
فاسٹ بولر محمد عرفان دو ہزار دس کے انگلینڈ کے دورے میں دو ون ڈے کھیلنے کے بعد دوبارہ ٹیم میں آئے ہیں۔
اس سال سری لنکا کے دورے میں ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کا حصہ رہنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین حارث سہیل کی بھی واپسی ہوئی ہے۔ وہ اس سیزن میں چار سنچریوں کی مدد سے چھ سو سے زیادہ رنز بناچکے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سنچری اوپنر احمد شہزاد کو بھی ٹیم میں واپس لے آئی ہے۔
عمر امین کی سیزن میں عمدہ بیٹنگ بھی ان کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں سلیکشن کا سبب بنی ہے۔
فاسٹ بولر انور علی کو ایک بار پھر ٹیم میں جگہ ملی ہے وہ اس سال اگست میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے والی ٹیم میں شامل تھے لیکن کوئی میچ نہیں کھیلے۔
وہ دو ہزار آٹھ میں ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ زمبابوے کے خلاف کھیل چکے ہیں۔
پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں محمد حفیظ، ناصر جمشید، کامران اکمل، عمر اکمل، عمر امین، شعیب ملک، شاہد آفریدی، سعید اجمل، محمد عرفان، جنید خان، سہیل تنویر، عمر گل، اسد علی، ذوالفقار بابر اور احمد شہزاد شامل ہیں۔
پاکستان کے ایک روزہ سکواڈ میں مصباح الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، یونس خان، ناصر جمشید، حارث سہیل، کامران اکمل، سعید اجمل، وہاب ریاض، جنید خان، عمرگل، ذوالفقار بابر، عمران فرحت، عمر اکمل اور انور علی شامل ہیں۔






























