کولکتہ ٹیسٹ پر انگلینڈ کی گرفت مضبوط

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 7 دسمبر 2012 ,‭ 11:24 GMT 16:24 PST

الیسٹر کک دس رنز کی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے

کولکتہ میں بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر پانچ سو نو رنز بنا لیے ہیں۔

جب کھیل ختم ہوا تو میتھیو پرائر اور گریم سوان کریز پر موجود تھے جبکہ انگلینڈ کو بھارت پر ایک سو ترانوے رنز کی برتری حاصل تھی۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز ایک وکٹ کے نقصان پر دو سو سولہ رنز سے دوبارہ شروع کی تو الیسٹر کک اور جوناتھن ٹراٹ نے ٹیم کا سکور تین سو اڑتیس تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر انگلینڈ کو ٹراٹ کی وکٹ کی صورت میں دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جو ستاسی رنز بنانے کے بعد پرگیان اوجھا کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

الیسٹر کک دس رنز کی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے اور ویرات کوہلی کی تھرو سے بچنے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔

الیسٹر کُک نے میچ کے دوسرے دن نہ صرف اپنی تئیسویں سنچری مکمل کی تھی بلکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سات ہزار رن بنانے والے سب سے کم عمر بلے باز بھی بن گئے تھے۔ انہوں نے یہ اعزاز ستائیس سال تین سو سینتالیس دنوں کی عمر میں حاصل کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی کرکٹر سچن تندولکر کے پاس تھا۔

کک کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے بلے بازوں میں کیون پیٹرسن نے ستاون رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے اوجھا تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔

بدھ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی پہلی اننگز میں 316 رنز بنائے تھے جس میں سچن تندولکر کے چھہتر جبکہ گوتم گمبھیر کے ساٹھ رنز بھی شامل تھے۔

بھارت اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ احمد آباد میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ ممبئی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے دس وکٹوں سے جیت کر سیریز برابر کر دی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔