پاک بھارت کرکٹ بحالی کی امید؟

وقت اشاعت

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین ذکاء اشرف آئی پی ایل کا فائنل دیکھنے بھارت آئے تو یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ پاک بھارت کرکٹ بحالی کا اعلان جلد ہونے والا ہے۔

دوسری جانب بھارتی بورڈ کے اعلی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر نرنجن شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی بورڈ باہمی سیریز دوبارہ شروع کرنے کے حق میں ہے۔

انھوں نے کہا ’پہلے ہم دیکھیں گےکہ چیمپئنز لیگ کے دوران ماحول کیسا رہتا ہے؟ پھر ہم آہستہ آہستہ آگے بڑھیں گے، ہمیں سکیورٹی کی صورتِ حال کو بھی دیکھنا ہے۔‘

چیمپئنز لیگ میں پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم سیالکوٹ سٹالینز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

ذکاء اشرف نے بھارت میں قیام کے دوران بی سی سی آئی کے اعلی ترین اہکاروں سے مذاکرات کیے اور ان کے بیانات سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ کرکٹ کے روابط کی بحالی کے سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ یا اعلان بین الاقوامی کرکٹر کونسل کے آئندہ اجلاس میں کیا جاسکتا ہے جو جون میں کوالا لمپور میں ہوگا۔

ذکاء اشرف نے ٹی وی چینل سی این این آئی بی این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم نے بھارتی بورڈ کے سربراہ این سری نواسن سے بات چیت کی ہے۔ کوئی باضابطہ اعلان کرنے سے پہلے انہیں اپنے بورڈ سے منظوری لینی ہوگی لیکن میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ آپ مثبت اعلانات کی توقع کر سکتے ہیں۔ آپسی تعلقات میں برف پگھل رہی ہے۔‘

نرنجن شاہ کا یہ بھی خیال ہے کہ ذکاء اشرف کی اس تجویز پر عمل مشکل ہوگا کہ پاکستان اور دوسرے ممالک کے درمیان میچوں کے لیے بھارتی میدان استعمال کیے جائیں یا یہ کہ بھارت اور پاکستان کسی تیسرے ملک میں کھیل سکتے ہیں۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر اور آئی پی ایل کے کمشنر راجیو شکلا نے بھی حال ہی میں بی بی سی کو بتایا تھا کہ پاکستان اور بھارت کرکٹ بحالی کی راہ میں اب کوئی بڑی رکاوٹ نہیں تاہم بھارت کا کرکٹ کیلنڈر بہت مصروف ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان عنقریب کرکٹ سیریز مشکل ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا میں یہ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک دسمبر یا جنوری میں ایک باہمی سیریز کھیل سکتے ہیں۔

ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی بورڈ باہمی سیریز کے لیے کوئی تاریخ تجویز کرتا ہے تو وہ اپنے موجودہ کیلنڈر میں ترمیم پر بھی غور سکتے ہیں لیکن دونوں بورڈز کے اہلکاروں کے بیانات سے کرکٹ کے چاہنےوالوں میں بلاشبہہ یہ امید دوبارہ جاگی ہے کہ ایک باہمی سیریز کا اعلان اب دور نہیں۔