بحرین:سخت سکیورٹی میں فارمولا ون کا انعقاد

،تصویر کا ذریعہReuters
بحرین میں حزب مخالف کے احتجاج کے باوجود فارمولا ون گراں پری ریس کا انعقاد ہوگیا ہے۔سنیچر کو احتجاجی مظاہرہ کرنے والے ایک شیعہ شخص صالح عباس حبیب کی ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا تھا۔
دارالحکومت مناما کے مغربی حصوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر چلا کر راستے بند کر دیے تھے۔
عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے ریس سرکٹ کے ارگرد سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے اور مظاہرین کو سرکٹ میں گھسنے سے روکنے کے لیے ہر طرف سکیورٹی اہلکار تعینات تھے۔
سنیچر کو ہزاروں افراد نے ریس کے انعقاد کے خلاف مظاہرے کیے تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
بحرین کے ولی عہد سلمان بن حماد الخلیفہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ملک میں سیاسی اصلاحات کے وعدہ پر قائم ہیں اور مخلصانہ مذاکرات کے لیے ان کے دروازے ملک کے تمام لوگوں کے لیے کھلے ہیں۔
بحرین میں مظاہرین سنی شاہی خاندان سے شیعہ آبادی کے خلاف تفریق کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ریس میں ریڈ بلز کے عالمی چیمپئن سبسشین وٹل نے ریس جیت لی ہے ۔ لوٹس کے کِمی ریکونن نے دوسری اور رومینیا کے گراسجین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سنیچر کو برطانیہ کے وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے اپنے بحرینی ہم منصب سے بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بحرینی حکومت مظاہرین سے نمٹنے میں تحمل سے کام لے۔
گزشتہ برس گراں پری ریس کو اس وقت منسوخ کرنا پڑا تھا جب فروری اور مارچ کے مہینوں کے درمیان جمہوریت کے حق میں مظاہرے ہوئے تھے جن میں پینتیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد الخلیفہ نے کہا ہے کہ گراں پری کو منسوخ کرنے سے صرف شدت پسندوں کو تقویت ملے گی اور اس کے انعقاد سے معاشرے میں خلیج کو کم کی جا سکے گا۔















