پاکستان اور سری لنکا کا سخت امتحان

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کولمبو
- وقت اشاعت
ورلڈ کپ کی رونقیں ہمبنٹوٹا سے کولمبو منتقل ہوچکی ہیں اور پریماداسا سٹیڈیم میں ہفتے کے روز پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں سخت امتحان سے گزرنے والی ہیں۔
دونوں نے عالمی مقابلے کی ابتدا کمزور حریفوں کو با آسانی ہرا کر کی ہے۔
سری لنکا نے کینیڈا کو دو سو دس رنز سے شکست دی اور پاکستان نے کینیا کے خلاف دو سو پانچ رنز سے کامیابی حاصل کی۔
دو سابق عالمی چیمپئنز کے اس مقابلے پر جیسے پورے سری لنکا کی نظر ہے وہیں پاکستان میں بھی شائقین کو اس اہم میچ کا شدت سے انتظار ہے۔
مرلی دھرن، اجانتھا مینڈس، کولاسیکرا اور مالنگا کی بولنگ پر پاکستانی بیٹسمینوں کی آزمائش ہے تو دوسری جانب پاکستانی بولرز کا مقابلہ تلکارتنے دلشن، کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے جیسے بیٹسمینوں سے ہے۔
کولمبو کے پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کے ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اس میدان میں جہاں ایک جانب سری لنکن تماشائی اپنے کرکٹرز کو بھرپور انداز میں حوصلے بڑھانے کےلیے موجود ہوتے ہیں تو دوسری جانب پاکستانی ٹیم کو بھی شائقین کی بڑی تعداد سے داد ملتی رہتی ہے یہاں کے عوام پاکستانی ٹیم اور پاکستانی کرکٹرز کے بھی زبردست مداح ہیں۔
پریماداسا سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا نے ایک دوسرے کے خلاف پانچ پانچ ون ڈے جیتے ہیں البتہ یہاں کھیلے گئے آخری تینوں ون ڈے میچوں میں جیت پاکستانی ٹیم کی ہوئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں اٹھارہ سال کے طویل عرصے بعد ورلڈ کپ میں مدمقابل ہو رہی ہیں۔
دونوں کے درمیان آخری بار 1992 کے عالمی کپ میں مقابلہ ہوا تھا جو پاکستان نے چار وکٹوں سے جیتا تھا۔ اس کے بعد سے چار ورلڈ کپ میں دونوں کا سامنا نہیں ہوا ہے۔
ورلڈ کپ مقابلوں میں دونوں کے درمیان چھ میچز ہوچکے ہیں اور تمام کے تمام پاکستان نے جیتے ہیں۔
اگر دونوں ٹیمیں سیمی فائنل یا فائنل میں مدمقابل نہ ہوئیں تو پاکستان کے خلاف یہ مرلی دھرن کا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہوگا۔ جنہوں نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل کو خیرباد کہنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
مرلی دھرن نے 335ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں اپنی510 وکٹوں میں سب سے زیادہ 95 پاکستان کے خلاف حاصل کر رکھی ہیں۔















