ایسوسی ایسٹ ممبران کا اخراج ’احمقانہ‘

،تصویر کا ذریعہ
کینیائی کرکٹ فیڈریشن کے صدر ٹوم سئیرز نے سن دو ہزار پندرہ کے عالمی کرکٹ کپ سے ایسوسی ایٹ رکن ملکوں کے اخراج پر سخت تنقید کی ہے۔
عالمی کرکٹ کپ کے آغاز سے ایک روز پہلے چھپنے والے اپنے ایک نہایت سخت لب و لہجے کے انٹرویو میں ٹوم سئیرز نے عالمی کرکٹ کونسل کے اس فیصلے کو انتہا درجے کا احمقانہ فیصلہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی بات لگی لپٹی رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آئی سی سی کا یہ خیال انتہا درجے کا احمقانہ ہے۔
ٹوم سئیرز کا یہ انٹرویو کرکٹ کے مشہور جریدے دی وزڈن کرکٹ میگزین کے مارچ کے شمارے میں شائع ہوا ہے۔
ایسوسی ایٹ درجے کا ملک کینیا سن دو ہزار تین کے عالمی کپ کے سیمی فائنل تک پہنچا تھا اور انیس سو چھیانوے سے اب تک پانچ مرتبہ عالمی کپ کے مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی کے موجودہ صدر شردپوار نے کہا تھا کہ وہ کرکٹ کے فروغ کے ضرور خواہشمند ہیں لیکن چاہتے ہیں کہ پچاس اووروں کے عالمی کپ میں کرکٹ کھیلنے والے آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ارکان شامل نہ ہوں ۔
ٹوم سئیرز کا کہنا تھا کہ نئے ارکان کا داخلہ روکنا کسی بھی طرح سکینڈل سے کم نہیں ہے کیونکہ یہ بات کرکٹ کی بہتری کے لیے نہیں بلکہ صرف اور صرف طاقت، پیسے اور ووٹوں کی ہے۔















