کیا بھارت ورلڈ کپ جیت سکتا ہے؟

- مصنف, سریش مینن
- عہدہ, سپورٹس صحافی
- وقت اشاعت
سنہ 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی کا دارومدار ان کی فٹنس، فارم اور فوکس پر ہوگا۔
اس وقت فارم بھارت کے لیے سب سے کم اہم مسئلہ ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز کے فیصلہ کن میچ سے قبل بھارت نے چھبیس ایک روزہ میچوں میں سے سولہ جیتے ہیں۔
چھیالیس دن تک جاری رہنے والے اس کرکٹ کے میلے میں فوکس یا توجہ مرکوز رکھنا یقیناً ایک مشکل کام ہے اور وہ بھی جب آپ اپنے ہوم گراؤنڈ پر اپنے حامیوں کے سامنے کھیل رہے ہوں۔
لیکن سب سے اہم مسئلہ فٹنس کا ہے اور اسی فٹنس سے جڑا ہے فیلڈنگ کی صلاحیت۔
اس وقت بھارتی ٹیم میں دو ہی کھلاڑی سریش رائنا اور ویرات کوہلی فیلڈنگ کے بین الاقوامی معیار پر پورا اترتے ہیں۔

کپتان دھونی یہ جانتے ہوئے کہ آپ میدان میں سات کھلاڑیوں کو چھپا نہیں سکتے، اس بات کی امید کریں گے کہ تمام کیچ پکڑے جائیں، رن بچائے جائیں اور رن آؤٹ کیے جائیں۔
آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے برعکس بھارت نے محدود اوورز کے کھیل کے اس انتہائی اہم شعبے پر کم ہی توجہ دی ہے۔ یہاں اگر آپ گیند روک پاتے ہیں تو کام چل جاتا ہے۔ بھارت کے بہترین فیلڈ بھی انتہائی شاندار نہیں ہیں اور رائنا اور کوہلی جیسے فیلڈرز کے ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ کی شرح کچھ اچھی نہیں۔
اس مسئلے کی وجوہات میں سے ایک بھارتی کرکٹر کا ذہن ہے۔ یہاں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں سے کسی ایک شعبے میں مہارت کو کافی سمجھا جاتا ہے جبکہ زور کھیل پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے فٹنس کے حصول پر ہونا چاہیے۔
ظہیر خان ایک اہم بالر ہو سکتے ہیں لیکن خود ان کی اور ان کے میڈیم پیسر ساتھیوں کی فیلڈنگ کی کارکردگی ایک ڈراؤنے خواب کی مانند ہے۔ مناف پٹیل اور پروین کمار میدان میں وجہِ شرمندگی ہیں جبکہ یوراج سنگھ جو اپنے کیرئر کے آغاز میں ایک شاندار فیلڈر تھے اب ان میں بھی اس ماضی کی جھلک بھی دکھائی نہیں دیتی۔
ورلڈ کپ میں جب مقابلے سخت ہوں گے تو میچوں کا فیصلہ ایک غیر متوقع رن آؤٹ یا ایک شاندار کیچ مطلب یہ کہ فیلڈرز کی عمدہ کارکردگی پر ہوگا۔ اور اگر یہ مواقع چند قابلِ اعتماد بھارتی فیلڈز کے علاوہ کسی اور کو ملے تو ان سے بھلے کی امید نہیں ہے۔
جوہانسبرگ میں ہونے والے ایک روزہ میچ میں، جو بھارت نے جیتا تھا، بھارتی بلے بازوں نے ایک سو ساٹھ گیندوں پر سکور نہیں بنایا۔ یہ ایک بڑی تعداد ہے۔
آسٹریلیا نے 1987 میں برصغیر میں ہونے والا ورلڈ کپ ایک ہی چیز کی وجہ سے جیتا تھا اور وہ تھی کم سے کم ایسی گیندیں جن پر کوئی رن نہ بنا ہو۔ یہ حکمتِ عملی اس وقت کے آسٹریلوی کوچ باب سمپسن نے بنائی تھی اور آج بھی یہ کارآمد ہے۔

جب ٹیمیں زیادہ ایک اور دو رن لیتی ہیں تو توجہ جارحانہ فیلڈنگ، گیند تک جلد پہنچنے اور وکٹوں کو نشانہ بنانے پر ہونی چاہیے۔ اور بھارتی بلے بازوں کو اپنی فیلڈنگ کی کمزوری کو پورا کرنے کے لیے ہر اننگز میں تین سے چالیس رنز اپنے ہدف سے زیادہ بنانا ہوں گے۔
اور پھر بھی ممکن ہے کہ یہ کافی نہ ہوں۔ خراب فیلڈنگ بلے بازوں اور بالرز دونوں پر دباؤ ڈالتی ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا بھارت نے اپنا سکواڈ صحیح چُنا ہے۔ ایک ایسے سکواڈ میں جہاں بارہ کھلاڑی یقینی شمولیت کے حقدار ہوں وہاں شاید صرف یہ سوال بچتا ہے کہ کیا ایک اور وکٹ کیپر کو سکواڈ میں شامل کیا جانا چاہیے تھا۔
لیکن یہ دیکھتے ہوئے کہ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ بھارتی گروپ میں ہیں، سکواڈ میں ایک زائد لیگ سپنر کی شمولیت جائز تھی اور اسی لیے ایک اور وکٹ کیپر کی اس سکواڈ میں جگہ نہ بن سکی۔
ورلڈ کپ کے اصل مقابلے تو تیئیس مارچ سے ہی شروع ہوں گے جب کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز ہوگا۔ اس سے قبل ایک ماہ تک تو ہر بار کی طرح اکا دکا مقابلوں کے علاوہ ورلڈ کپ کے رنگ بےرونق اور پھیکے ہی ہوں گے۔

بھارت ابتدائی راؤنڈ میں تین میچ ہار کر بھی اگلے گروپ میں پہنچ سکتا ہے لیکن اس کے باوجود ان کا اصل امتحان فٹنس برقرار رکھتے ہوئے جیت کے مقصد سے توجہ ہٹنے نہ دینا ہے۔
بھارتی سکواڈ کی اٹھائیس برس کی اوسط عمر یہ ظاہر کرتی ہے کہ یہ تجربے اور جوانی کا امتزاج ہے لیکن اس ٹیم کے کلیدی کردار تیس کے پیٹے میں ہیں اور ان پر دھیان دیا جانا ضروری ہے۔
لیکن ان میں سے کوئی بھی ان مقابلوں پر اپنا نام ثبت کر سکتا ہے۔
اگر آپ یہ مان لیں کہ پچاس اوور کی کرکٹ دم توڑ رہی ہے تو شایہ 2011 کا ورلڈ کپ بھارت کا ان عالمی مقابلوں کو دوسری بار جیتنے کا آخری موقع ہے۔















