فٹ بال کا عالمی کپ سردیوں میں

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر سیپ بلاٹرنے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ سنہ دو ہزار بائیس میں مشرق وسطیٰ کے ملک قطر میں ہونے والا فٹ بال کپ گرم موسم کے باعث جنوری میں منعقد کیا جائے گا۔
فیفا کے صدر سیپ بلاٹر ان دنوں ایشیا کپ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے قطر میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سنہ دو ہزار بائیس کا فٹ بال کپ سردی کے موسم میں منعقد ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ روایتی طور پر فٹ بال کپ کا انعقاد جون اور جولائی میں کیا جاتا ہے لیکن قطر میں اُن مہینوں کے دوران درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ قطرمیں ہونے والے کپ کے انعقاد میں گیارہ سال باقی ہیں لیکن ہمیں اُس کے لیے اطمینان بخش اقدامات کرنے ہوں گے۔
بلاٹر کے مطابق فیفا کی ایگزیٹو کمیٹی قطر کی جانب سے دی جانے والی بولی میں فراہم کی سہولیات میں کوئی بھی تبدیلی کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ فٹ بال کھیلتے ہیں تو آپ کو تمام کھلاڑیوں کو تحفظ فراہم کرنا پڑتا ہے۔
دوسری جانب فیفا کے سیکرٹری جنرل جے روم نے بھی دوحا میں منعقد ہونے والے سنہ دو ہزار بائیس کے ورلڈ کپ شیڈول میں ممکنہ تبدیلی کی حمایت کی ہے۔
جے روم کا ورلڈ کپ شیڈول میں ممکنہ تبدیلی کے بارے میں کہنا تھا کہ فٹ بال کپ کو جون اور جولائی میں شروع کرنے سے ایسے ممالک جو ان گرم مہینوں میں فٹ بال نہیں کھیل سکتے کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
واٰضح رہے کہ قطر نے سنہ دو ہزار بائیس کے فٹ بال کپ کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکہ کو بولی میں شکست دی تھی۔















