معطلی اپیل: ’موقف پوری طرح سنا گیا‘

پاکستانی کرکٹر محمد عامر کے وکیل شاہد کریم کو یقین ہے کہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کمیشن کے سربراہ مائیکل بیلوف نے جو فیصلہ دیا وہ یقیناً انہوں نے اپنی صوابدید کے مطابق کسی کے اثرانداز کے بغیر کیا ہوگا۔
کیونکہ مائیکل بیلوف نہ آئی سی کے زیراثر ہیں اور نہ کرکٹرز کے لیکن شاہد کریم یہ بھی کہتے ہیں کہ اگر آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل میں مائیکل بیلوف شامل ہوتے ہیں تو اس بارے میں سوچا جائے گا۔
پاکستانی کرکٹرز محمد عامر اور سلمان بٹ نے اپنی معطلی کی اپیلیں مسترد ہونے پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور اس فیصلے کو پہلے سے طے شدہ قرار دیا ہے تاہم محمد عامر کے وکیل اس حساس معاملے میں بہت محتاط دکھائی دیتے ہیں۔
<link type="page"><caption> ’فیصلہ پہلے ہی تیار تھا‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2010/11/101101_butt_dejected_fz.shtml" platform="highweb"/></link>
شاہد کریم نے بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت وکیل انہیں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ مائیکل بیلوف بظاہر خود مختار شخص ہیں جو اپنی سوچ کے مطابق فیصلہ دینگے اور اسی خیال کےتحت وہ اس سماعت میں پیش ہوئے اور آئندہ بھی پیش ہونگے کیونکہ اس کے سوا ان کے پاس کوئی چارہ کار نہیں ہے۔
شاہد کریم نے کہا کہ جہاں تک کھلاڑیوں کو معطلی برقرار رکھنے کی وجہ نہ بتائے جانے کا تعلق ہے تو اس فیصلے کی وجوہات آئی سی سی کے کمیشن کو بتانی ہونگی اور کمیشن نے کہا ہے کہ چند روز میں یہ وجوہات کرکٹرز اور ان کے وکلا کو بتا دی جائیں گی لہذا انہیں یقین ہے کہ یہ وجوہات ان تک ضرور آ جائیں گی۔
شاہد کریم نے کہا کہ سماعت کے دوران کرکٹرز کے وکلا کو پوری طرح سنا گیا اور انہیں اپنا موقف پیش کرنے کا پورا موقع فراہم کیا گیا اس بارے میں انہیں کوئی شک نہیں ہے ۔ جہاں تک فیصلے کا تعلق ہے ظاہر ہے انہیں اس سے مایوسی ہوئی ہے کیونکہ ان کا موقف یہ تھا کہ کرکٹرز کو ناکافی شواہد کے تحت معطل کیا گیا ہے۔
شاہد کریم نے کہا کہ کرکٹرز کو جس بنیاد کے تحت معطل کیا گیا ہے۔ کمیشن نے اس بارے میں وکلا کو آگاہ کیا لیکن وہ اس بارے میں مزید کچھ نہیں بتا سکتے کیونکہ وکلا اور آئی سی سی نے اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ اس سماعت میں جو بھی مواد دونوں طرف سے پیش ہوگا اس بارے میں میڈیا میں کوئی بات نہیں ہوگی۔
شاہد کریم سے جب آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لوگارٹ کی سماعت میں موجودگی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹرز کے وکلا کی اجازت سے سماعت میں ایک مبصر کے طور پر پیش ہوئے تھے اور اس پر کسی نے اعتراض نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اپیلیں مسترد ہونے کے بعد اب ان کی کوشش ہے کہ مکمل سماعت کی تاریخ جلد سے جلد حاصل کی جائے۔
شاہد کریم سے جب پوچھاگیا کہ مائیکل بیلوف نے کرکٹرز کے خلاف فیصلہ دیا ہے اگر وہ انٹی کرپشن کمیشن میں بھی شامل ہوئے تو کیا وہ انصاف کے تقاضے پورے کرسکیں گے ؟ ان کا جواب تھا کہ فی الحال وہ اس بارے میں کچھ کہنا نہیں چاہتے لیکن یہ بہت اہم سوال ہے جب وقت آئے گا تو اس بارے میں دیگر وکلا سے ضرور مشورہ کیا جائے گا۔















