تمام ممالک دلی گیمز میں حصہ لیں گے

دولت مشترکہ کی کھیلوں کی فیڈریشن کے صدر مائیکل فینل نے کہا ہے کہ باوجود اس کے کہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے تیار کیےجانے والے کھیل گاؤں میں ابھی بہت سا کام باقی ہے لیکن دولت مشترکہ کے تمام اکہتر ممالک کی ٹیمیں کھیلوں میں حصہ لیں گیں۔
کامن ویلتھ گیمز تین اکتوبر کو بھارت کے شہر دلی میں شروع ہو رہے ہیں۔
کامن ویلتھ گیمز کے لیے بنائی جائی عمارتوں کا دورہ کرنے کے بعد مائیکل فینل نے دلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت کو کھیلوں سے متعلق بہت سے معاملات کو حل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت جو کام اب زور و شور سے کر رہا ہے اسے پہلے کر لینا چاہیے تھا۔
ادھر کچھ ممالک کی ٹیمیں بھارت پہنچنا شروع ہوگئی ہیں لیکن کوئی ٹیم بھی ابھی کھیل گاؤں میں منتقل نہیں ہوئی اور انہوں نے ہوٹلوں میں قیام کیا ہے۔ انگلینڈ کی ہاکی ٹیم بھارت پہنچ چکی ہے۔
اِس سے قبل مائیکل فینل نے دلی میں بنائے گئے کھیل گاؤں پر تشویش ظاہر کی تھی اور کہا تھا کہ کھیل گاؤں کی تیاریاں معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
مائیکل فینل نے کہا ہے کہ کھیل گاؤں میں ایتھلیٹس کے لیے بنائے گئے فلیٹوں کو دیکھ کر کئی ممالک کو دھچکا لگا ہے۔
ان کا کہنا ہے’ کھیل گاؤں مقابلوں کا مرکز ہوتا ہے جہاں کھلاڑیوں کو تیاری کرنے کے لیے اعلیٰ سہولتیں ہونی چاہیں‘۔
دلی میں آئندہ ہفتے میں دولت مشترکہ کھیل شروع ہونے ہیں تاہم بعض سٹیڈیم اور دیگر کئی مقامات پر اب بھی تعمیراتی کام جاری ہے جس کی میڈیا میں زبردست تنقید ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو دلی کی جامع مسجد کے باہر دو سیاحوں پر گولیوں سے حملے کے بعد سکیورٹی سے متعلق خدشات کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔
دلی پولیس اور ریاستی حکومت کا کہنا تھا کہ اس سے کھیلوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور سیکورٹی کے سارے انتظامات مکمل ہیں۔
ہندوستانی ذرائع ابلاغ میں بھی کھیلوں کی تیاریوں سے متعلق حکومت اور اور کھیلوں کی انتظامیہ کمیٹی پر زبردست تنقید ہو رہی ہے۔















