میراڈونا کی کان کی بالی فروخت

ڈیاگو میرا ڈونا کی بالی
،تصویر کا کیپشنکان کی یہ بالی اٹلی میں میراڈونا سے چھین لی گئی تھی
وقت اشاعت

ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی ہیرے کی کان کی بالی پچیس ہزار یورو میں فروخت کر دی گئی ہے۔ اٹلی میں نیلام کی گئی ان کی بالی مانگی گئی قیمت سے پانچ گنا زیادہ لگائی گئی۔

اٹلی کے شمالی شہر بولزانو میں اس کی نیلامی ہوئی جسے ایک انجان خاتون نے خریدا ہے۔ مذکورہ خاتون نے اس سودے پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔

یہ پیسہ اٹلی میں میرا ڈونا کے تیس لاکھ یورو سے بھی زیادہ قرضوں کی ادائیگي کے لیے خرچ کیا جائیگا۔ میراڈونا پر یہ قرض انیس سو چوراسی اور انیس سو اکانوے کے درمیان کا ہے جب وہ نپولی کے لیے کھیلا کرتے تھے۔

گزشتہ برس جب میراڈونا وزن کم کرنے کے سلسلے میں اٹلی ایک کلینک پہنچے تھے تو پولیس نے ان سے یہ کان کی بالی چھین لی تھی۔

ان کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پہلے بھی پیش آچکا ہے۔ دو ہزار چھ میں جب وہ نیپلز گئے تھے تو پولیس نے ان کی دو رولیکس گھڑیاں بھی ضبط کر لی تھیں۔

لیکن اٹلی میں بی بی سی کے نامہ نگار ڈنکن کینیڈی کا کہنا ہے کہ ٹیکس نہ ادا کرنے کے الزام میں میراڈونا کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اٹلی کے قانون کے مطابق اس کی معیاد اب ختم ہو چکی ہے۔

میراڈونا ارجنٹینا کے سٹار کھلاڑیوں میں ہیں جنہوں نے سنہ چھیاسی کے ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کے بدولت ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا تھا۔ چار سال بعد دوسرے ورلڈ کپ میں بھی ٹیم ان کے بدولت فائنل تک پہنچی لیکن فائنل میں جرمنی سے ہار گئی تھی۔

میراڈونا کے کھیلنے پر پہلے انیس سو اکانوے میں اس وقت پندرہ ماہ کے لیے پابندی لگا دی گئی تھی جب وہ ایک ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہو گئے تھے اور پھر انیس سو چورانوے میں امریکہ میں ہونے والے عالمی کپ کے مقابلوں میں بھی ممنوعہ ادویات کے استعمال کی وجہ انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میراڈونا انیس سو ستانوے میں فٹ بال کے مقابلوں سے ریٹائر ہوگئے تھے۔