ٹینس: نڈال نے مرے کو ہرا دیا

رافیل ندال
،تصویر کا کیپشن’میں نے آسٹریلیا میں فتح حاصل کی اور اب یہاں جیتا ہوں۔میں بہت خوش ہوں‘۔
وقت اشاعت

انڈیانا ویلز ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں عالمی نمبر ایک سپین کے رافیل ندال نے برطانیہ کے اینڈی مرے کو شکست دے دی ہے۔

کیلیفورنیا میں ہونے والا یہ مقابلہ ندال نے چھ ایک اور چھ دو سے جیتا۔یہ دوسرا موقع ہے کہ ندال نے یہ مقابلہ جیتا ہے۔ اس سے قبل سنہ 2007 میں بھی وہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔

پہلے سیٹ میں رافیل ندال نے اکتالیس منٹ میں فتح حاصل کی تاہم دوسرے سیٹ میں عالمی نمبر چار اینڈی مرے نے جم کر ندال کا مقابلہ کیا لیکن وہ عالمی نمبر ایک کے تجربے کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے۔ندال نے فتح کے بعد کہا کہ ’میں نے آسٹریلیا میں فتح حاصل کی اور اب یہاں جیتا ہوں۔ میں بہت خوش ہوں‘۔

شکست کے بعد مرے کا کہنا تھا کہ ’ وہ اس فتح کے حقدار تھے۔ انہوں نے مشکل حالات میں نہایت عمدہ کھیل پیش کیا۔ بدقسمتی سے میں جیت نہ سکا لیکن میرے سال کا آغاز اچھا ہوا ہے اور مجھے امید ہے کہ میری یہ فارم برقرار رہے گی اور میں اپنی رینکنگ بہتر بنانے میں کامیاب رہوں گا‘۔