زمین سے بڑے اربوں سیارے دریافت

ماہرین فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم کا کہنا ہے کہ دور دھندلے نظر آنے والے ستاروں کے گرد گردش کرتے ہوئے زمین کی جسامت کے اربوں سیارے ہو سکتے ہیں۔
یہ سیارے زمین سے بہت زیادہ بڑے نہیں ہیں اور انہیں ماہرین فلکیات نے ’سپر ارتھ‘ کا نام دیا ہے۔
ان ’سپر ارتھ‘ یا ’سپر ارض‘ کی تعداد کا اندازہ پہلے سے موجود معلومات کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور پھر ملکی وے میں ڈوارف سٹار یعنی بونے ستاروں کو شامل کر کے تعداد کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
یہ ٹیم ہارپس کے آلات استعمال کر رہی ہے جوکہ تین اعشاریہ چھ میٹر لمبی دوربین میں نصب ہے اور یہ ٹیلی سکوپ چلی کی سیلا آبزرویٹری میں ہے۔
ہارپس میں اس کی نشاندہی کے لیے ایک بالواسطہ طریقہ کار ہے جس سے کسی ایسے سیارے کا پتہ چلتا ہے جو اپنے مدار میں گھوم رہا ہے۔
فرانس کی آبزرویٹری کے ماہر فلکیات اور اس ٹیم کے سربراہ کا کہنا ہے ’ہارپس کے ذریعے ہمارے نئے مشاہدات میں یہ بات سامنے آئی ہے کا سرخ ہو جانے والے تمام بونے ستاروں کے گرد کوئی نہ کوئی سپر ارض چکر کاٹ رہا ہے۔ اور وہ ایسے حیاتی خطے میں چکر کاٹ رہے ہیں جہاں یہ عین ممکن ہے کہ ان سیاروں کی سطح پر پانی کی موجودگی ہو۔‘

انھوں نے مزید کہا ’چونکہ سرخ بونے سیارے بہت عام ہیں اور صرف ملکی وے میں ہی ان کی تعداد ایک سو ساٹھ ارب ہے تو اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ صرف ہماری کہکشاں میں دسیوں ارب ایسے سیارے ہوں گے۔‘
ہارپس کی ٹیم انتہائی احتیاط سے ایک سو دو ایسے سرخ ڈوارف ستاروں کا سروے کرنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے جو نسبتاً مدھم ہیں اور سورج کے مقابلے میں ٹھنڈے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس ٹیم نے اپنی تحقیق میں زمین سے جسامت میں ایک سے دس گنا بڑے نو سیاروں کی نشاندہی کی ہے۔ ٹیم کے مطابق ان میں سے دو سیارے ایسے ماحول میں گردش کر رہے ہیں زندگی کے آثار ممکن ہے۔
اپنے تمام اعدادو شمار کو یکجا کرنے، بشمول ان ستاروں کا مشاہدہ کرنے جن کا کوئی سیارہ نہیں ہے، یہ ٹیم اس بات کا اندازہ لگانے میں کامیاب رہی کہ سرخ بونے ستاروں کے گرد کس قدر مختلف قسم کے سیارے گردش کر رہے ہیں۔
اس تحقیق کے مطابق اکتالیس فیصد معاملوں میں یہ سپر ارتھ قابل رہائش زون میں آتے ہیں جو کہ اٹھائیس سے پچانوے فیصد کے درمیان ہے۔



















