مردوں میں دل کی بیماری وراثتی ہو سکتی ہے

برطانیہ میں ہر پانچواں مرد اس قسم کے وائے کروموزوم کا مالک ہے
،تصویر کا کیپشنبرطانیہ میں ہر پانچواں مرد اس قسم کے وائے کروموزوم کا مالک ہے
وقت اشاعت

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ مردوں میں دل کی بیماری کی ایک اہم وجہ انہیں ورثے میں ملنے والے ’وائے کروموزوم‘ ہو سکتے ہیں۔

تقریباً تین ہزار سے زیادہ عارضۂ قلب میں مبتلا مردوں کا مطالعہ کر کے اس تحقیق میں معلوم کیا گیا ہے کہ وائے کروموزوم کی ایک خاص قسم سے دل کا مرض ہونے کا امکان پچاس فیصد بڑھ جاتا ہے۔

برطانیہ میں ہر پانچواں مرد اس قسم کے وائے کروموزوم کا مالک ہے۔

ماہرین کے مطابق مردوں میں دل کی بیماری خواتین کے مقابلے میں عموماً دس سال پہلے ہی وقوع پذیر ہو جاتی ہے۔ چالیس سال کی عمر تک تقریباً مردوں کی نصف تعداد کو دل کی بیماری کا خدشہ ہوتا ہے جبکہ اسی عمر کی خواتین میں اس کا خدشہ ان کی صرف ایک تہائی تعداد تک محدود ہوتا ہے۔

مریضوں کا طرزِ زندگی بھی دل کی بیماری کے امکان کا اہم حصہ ہے جیسے کہ تمباکو نوشی یا بلند فشارِ خون کے مسائل مگر اس جدید تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مرد جنس کا ذمہ دار وائے کروموزوم بھی اس خطرے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یونیورسٹی آف لیئسٹر کے ڈپارٹمنٹ آف کارڈیوسکیولر سائنسز کی سینیئر کلینکل لیکچرر ڈاکٹر ماسح ٹوماسزیوسکی کا کہنا تھا ’ہم ان انکشافات کے بارے میں بہت پرجوش ہیں کیونکہ اس سے دل کے مرض کی وراثتی وجوہات کے بیان میں وائے کروموزوم کو ڈالا جا سکتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’ڈاکٹر عموماً وائے کروموزوم کو مرد جنس وغیرہ سے منسلک کرتے ہیں جبکہ اب اس کو دل کے مرض کی ایک وجہ بھی سمجھا جا سکے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ اس انکشاف سے مردوں میں دل کے امراض کا بہتر علاج اور ایک جنیاتی ٹیسٹ سے ان مریضوں کی نشاندہی کی جا سکے گی جن کا دل کے امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود مردوں کو بہتر خوراک، ورزش اور روایتی طریقوں سے اپنے دل کی صحت کا خیال رکھنا چاہیے۔