’ریت سے پانی کی صفائی‘

عمدہ ریت میں سے پانی قدرے سست روی سے گزرتا ہے تو یہ بہتر ثابت ہوتی ہے
،تصویر کا کیپشنعمدہ ریت میں سے پانی قدرے سست روی سے گزرتا ہے تو یہ بہتر ثابت ہوتی ہے
وقت اشاعت

ایک نئی تحقیق کے مطابق ایک انوکھے اور سستے مواد سے آلودہ پانی کو اس قدر صاف کیا جا سکتا ہے کہ وہ پینے کے قابل ہو سکے۔

اس مواد کو’ سوپر سینڈ‘ یا اعلیٰ قسم کی ریت کا نام دیا گیا ہے اور اس کی مدد سے کم قیمت پر پانی کو صاف کیا جا سکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق اس طریقۂ کار سے غریب ممالک کو فائدہ پہنچے گا جہاں پینے کے پانی کی دستیابی ایک مسئلہ ہے۔

اس ٹیکنالوجی میں ریت کے ذرات اور پنسل میں استعمال ہونے والے سِکہ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ محققین نے اس تجربے کو ’امریکن کیمیکل سوسائٹی جرنل آپلائیڈ میٹریلز اینڈ انٹرفیسز‘ میں شائع کیا ہے۔

تحقیق میں شامل یونیورسٹی آف ٹیکساس کے ڈاکٹر وائی گاؤ نے بی بی سی کو بتایا کہ جب پانی میں دھاتوں کے بھاری ذرات، آلودہ نامیاتی مادے اور مرض پیدا کرنے والے مادے شامل ہوتے ہیں تو اس صورت میں عمدہ ریت کے برعکس عام موٹی یا معمولی درجے کی ریت آلودہ پانی کو صاف کرنے میں زیادہ موثر ثابت نہیں ہوتی ہے۔

’سوپر ریت‘ میں سے پانی قدرے سست روی سے گزرتا ہے تو یہ صفائی کے لیے بہتر ثابت ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’ہماری تیارہ کردہ ریت میں عام ریت سے زیادہ متحرک کاربن مواد موجود ہوتا ہے اور اس وجہ سے آلودگی یا گندگی کو بہت حد تک روکنا ممکن ہوتا ہے اور اسی سے اچھا نتیجہ حاصل ہوتا ہے۔‘

اس تحقیق کی قیادت کرنے والے پروفیسر آجائن کا کہنا ہے کہ گندے پانی میں موجود خاص دھاتیں اور نامیاتی آلودگی کو صاف کرنے کے لیے گریفائڈ آوکسائڈ کو بہتر کر کے اسے زیادہ حساس بنایا جا سکتا ہے۔

دنیا کے اکثر ممالک میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی، صحت و صفائی کی سہولیات تک رسائی محدود ہے۔