بھارتی نژاد سائنسدان کے لیے نوبیل انعام

بھارتی نژاد کے امریکی سائنسداں وینکٹ رامن رامکرشنن اور دیگر دو سائنسدانوں کو اس برس کیمسٹری میں نوبیل اعزاز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر راماکرشنن کی سربراہی میں کام کرانے والی سائنسدانوں کی اس ٹیم کو رائبوسومز کے مطالعے پر یہ انعام دیا گیا۔ رائبوسومز انسان کے جسم میں پروٹین بناتا ہے۔
امریکی شہری ڈاکٹر راماکرشنن کو اسرائیلی خاتون سائنسدان ادا یونوتھ، اور امریکہ کے تھومس سٹیز کے ساتھ اس اعزاز کے لیے متنخب کیا گیا ہے۔
بھارت میں پیدا ہوئے راماکرشنن اس وقت برطانیہ کی کمیبریج یونیورسٹی سے منسلک ہیں۔ ستاون سالہ راما کرشنن کیمبریج یونیورسٹی کے ایم آر سی لیباریٹریز آف مالیکولر بائیولوجی کے سٹرکچرل سٹیڈیز سیکشن کے چیف سائنسدان ہیں۔
تینوں سائنسدانوں نے تھری ڈائمینشنل تصاویر کے ذریعے پوری دنیا کو سمجھایا کہ کس طرح رائبوسومز الگ الگ کمییکل کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ نوبیل اعزاز کمیٹی کا کہنا ہے کہ ’ان سائنسدانوں نے سائینس کی دنیا میں بنیادی کردار ادا کیا ہے اور ان کے اس کام کی وجہ سے بہت ساری بیماریوں کا علاج اینٹی بائیٹک دوائیوں کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔‘
ادا یونوتھ اسرائیل کے وزمین انسٹیٹیوٹ میں سٹرکچرل بائیولوجی کی پروفیسر ہیں اور کیمیائی سائنس کے شعبے میں نوبیل پانے والی چوتھی خاتون ہیں۔ تیسری سائنسدان تھومس سٹیز کا تعلق امریکہ کی ییل یونیورسٹی سے ہے۔
تینوں سائنسدانوں کو یہ اعزاز 10 دسمبر کو دیا جائے گا۔















