’ریگنگ‘ پر طالب علموں کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ

،تصویر کا ذریعہMedia One
انڈیا میں ایک کالج کے دو طالب علموں کے خلاف مبینہ طور پر ’ریگنگ‘ کے واقعے کے بعد اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مبینہ طور پر سینیئر طالب علموں نے فرسٹ ایئر نرسنگ کی طالبہ اسوتھی کو جراثیم کش دوا پینے پر مجبور کیا۔ اس کی وجہ سے ان کی کھانے کی نالی کو نقصان پہنچا ہے جس کے لیے اب سرجری کی جائے گی۔
ریگنگ عام طور پر کالج میں نئے آنے والے طالب علموں کے ساتھ نامناسب یا کسی تشدد آمیز رویے کا نشانہ بنانے کو کہا جاتا ہے۔
کالج نے تردید کی ہے کہ یہ واقعہ ریگنگ کا نتیجہ تھا اور کہا ہے کہ اسوتھی نے جراثیم کش دوا ’گھریلو مسائل‘ کی وجہ سے پی تھی۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسوتھی کے کھانے کی نالی کو سخت نقصان پہنچا ہے۔
اسوتھی کی جانب سے اپنے وکیل کو لکھے گئے خط میں انھوں نے کہا ہے کہ دو طالب علموں نے جن کا انھوں نے نام لیا ہے ان کی ’سیاہ رنگت‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے انھیں ٹوائلٹ صاف کرنے والا مادہ پینے پر مجبور کیا۔
مبینہ طور پر چند دیگر افراد نے انھیں پکڑ کر رکھا جب ان کے گلے میں جراثیم کش دوا انڈیلی گئی۔

،تصویر کا ذریعہGetty
خط میں انھوں نے لکھا کہ ’انھوں نے مجھ پر تشدد کیا۔ انھوں نے میرا مذاق اڑایا، مجھے ’کالی لڑکی‘ اور ’کوئلے‘ جیسے نام دیے اور کہا کہ میری رنگت سے ان کو خوف آتا ہے۔ اس دن وہ میرے کمرے میں آئے، اور مجھے بتایا کہ میں مغرور ہوں، اور مجھے ٹوائلٹ کلینر پینے پر مجبور کیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم القمر انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ کی پرنسپل ایستھر رانی نے تردید کی ہے کہ اسوتھی کے ساتھ ریگنگ کی گئی، انھوں نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ طالبہ نے ’خاندانی وجوہات کی بنا پر تیزاب پیا۔ ریگنگ نہیں کی گئی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جب وہ ہوسٹل واپس آئی تو وہ پانی نہیں پی رہی تھیں۔ وہ گھر جانا بھی نہیں چاہتی تھیں۔ لیکن ہم نے انھیں ایک اور طالبہ کے ساتھ گھر بھیجا کیونکہ یہاں ہوسٹل میں ان کا خیال رکھنے والا کوئی نہیں تھا۔‘
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ آپریشن سے قبل چھ ہفتے تک انتظار کریں گے۔



















