کس کس سے پیار کروں؟

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
- وقت اشاعت
محبت کی دو داستانیں جو سرخیوں میں رہیں، آخرکار اپنے انجام کو پہنچ رہی ہیں۔ ایک کہانی اس ہندو لڑکی کی ہے جس نے گذشتہ برس اپنے ہی گاؤں کے کچھ مسلمانوں پر اغوا اور اجتماعی ریپ کا الزام لگایا تھا۔
دوسری فلم جیمز بانڈ کی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انھوں نے نئی فلم ’سپیکٹر‘ میں اپنی گرل فرینڈ کو ضرورت سے زیادہ دیر تک ’کِس‘ کیا ہے۔
لڑکی مغربی اترپردیش کے ایک مدرسے میں پڑھاتی تھی، اسے اپنے ہی گاؤں کے ایک مسلمان سے محبت ہو گئی۔ وہ کچھ دن کے لیے گاؤں سے اچانک غائب ہوئی، اور لوٹنے کے بعد اس نے اجتماعی ریپ کے علاوہ یہ الزام بھی لگایا کہ اسے ایک مدرسے میں لے جایا گیا تھا جہاں اس سے زبردستی اسلام قبول کرایا گیا۔
یہ ’لو جہاد‘ کی خطرناک ترین مثال تھی۔ کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا جنھوں نے تقریباً ایک سال جیل میں گزارا۔ مقدمہ تو ابھی جاری ہے لیکن بعد میں لڑکی نے کہا کہ کچھ مقامی ہندو قوم پرست رہنماؤں اور اپنے والدین کے اکسانے پر اس نے یہ الزام لگایا تھا۔
اب وہ خود اپنی مرضی سے اس نوجوان کے ساتھ رہ رہی ہے جس سے وہ محبت کرتی ہے۔ کلیم نامی یہ نوجوان اس کیس کا اصل ملزم بھی ہے۔
محبت اور جنگ میں بظاہر سب جائز ہے۔ لڑکی کو آخرکار اس کی محبت مل گئی، ملزمان کو بھی انصاف مل ہی جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
لیکن جیمز بانڈ کے ساتھ جو زیادتی ہوئی ہے اس میں انصاف کے لیے شاید پہلے ہی بہت دیر ہو چکی ہے۔
ملک کے سینسر بورڈ کے سربراہ کا خیال ہے کہ سپیکٹر میں جیمز بانڈ جتنی دیر تک اپنی گرل فرینڈ کو کِس کرتے ہیں، اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ اس لیے اس کی مدت کم کر دی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اب ٹی وی چینلوں پر بڑے بڑے دانشور اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ جیمز بانڈ کے پاس ’لائسنس ٹو کِل‘ تو ہے لیکن ’لائسنس ٹو کِس‘ نہیں اور اگر کس کی مدت کم کر دی جائے تو وہ کیا ’آدھا کِس‘ رہ جاتا ہے؟ اور بوسے کی مناسب مدت کتنی ہے؟
اور اگر آپ آدھا کِس دکھا سکتے ہیں تو پورے میں کیا دقت ہے؟
ہندوستانی فلموں میں بوس کنار کی تاریخ پرانی ہے۔ پردے پر پہلا کس 1929 میں دکھایا گیا لیکن 1933 میں دیویکا رانی اور ہمانشو رائےکی فلم کرما کا تقریباً چار منٹ لمبا ’کسنگ سین‘ آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔
جو ہندی فلموں میں 80 سال پہلے ہو رہا تھا، وہ جیمز بانڈ اب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہندوستان مغربی دنیا سے اگر زیادہ نہیں تو کم سے کم 80 سال آگے ضرور ہے اور سینسر بورڈ کے سربراہ پہلاج نہلانی کو اس اس پر خوش ہونا چاہیے۔
لیکن سینسر بورڈ کا فیصلہ عمران ہاشمی جیسے فلمی ستاروں کے لیے بری خبر بھی ہے، ان کی کچھ فلمیں ایسی ہیں جن میں سے کسنگ کے سین نکال دیے جائیں تو صرف انٹرویل ہی بچتا ہے۔
اسی لیے انھیں ’سیریئل کِسر‘ کا لقب دیا گیا ہے۔ اپنی اگلی فلم کے لیے جیمز بانڈ کو عمران ہاشمی سے تربیت لینی چاہیے، ان کی اداکاری پر سینسر بورڈ کو زیادہ اعتراض نہیں ہوتا۔



















