’دہلی پولیس چاہے تو پوچھ گچھ کے لیے لاہور آ سکتی ہے‘

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارت کے سابق وفاقی وزیر اور کانگریس کے رہنما ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کے قتل کے معاملے میں دہلی پولیس پاکستانی صحافی مہر تارڑ سے پوچھ گچھ کر سکتی ہے۔
دہلی پولیس کمشنر بی ایس بسی نے کہا ہے کہ ’ ہم مہر تارڑ سے بات کریں گے کیونکہ وہ اس معاملے سے منسلک ہیں۔‘
مہر تارڑ نے بھارتی نیوز چینل سی این این آئی بی این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کی تفتیش میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن وہ تحقیقات کے لئے بھارت نہیں جائیں گی۔
مہرتارڑ نے کہا کہ انھیں نہیں لگتا کہ وہ اس معاملے میں ’کسی بھی طرح متعلقہ‘ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’دہلی پولیس چاہے تو ان سے پوچھ گچھ کے لیے لاہور آ سکتی ہے۔‘
ماضی میں سنندا پشکر اور مہر تارڑ کے درمیان ٹوئٹر پر نوک جھونک ہوئی تھی۔
اس میں سنندا نے مہر تارڑ پر ان کی خاندانی زندگی میں دخل دینے اور ششی تھرور کے ساتھ قربت بڑھانے کے الزام لگائے تھے۔
دہلی پولیس نے سنندا پشکر کی موت کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ان کے قتل کی رپورٹ درج کر دیا ہے۔
پولیس نے اس معاملے میں اب تک ششی تھرور سمیت کئی لوگوں سے پوچھ گچھ کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ گذشتہ برس 18 جنوری کی رات سنندا پشکر دہلی کے ایک ہوٹل میں مردہ پائی گئی تھیں۔ اپنی موت سے قبل وہ ایک ذاتی تنازعے میں گھری ہوئی تھیں کیونکہ انھوں نے اپنے شوہر پر ایک پاکستانی صحافی سے تعلق کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ طلاق لینے کے بارے میں سوچ رہی ہیں۔
پاکستانی صحافی نے اس الزام کی تردید کی تھی اور بعد میں ششی تھرور اور سنندا نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ ان کی شادی شدہ زندگی خوشگوار ہے اور ان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوجانے کی وجہ سے ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں کچھ غلط خبریں میڈیا میں گردش کر رہی ہیں۔



















