’ہاں ناجائز اولاد ہوں‘

روہت شرما کو ولدیت کے حصول میں سات سال لگے
،تصویر کا کیپشنروہت شرما کو ولدیت کے حصول میں سات سال لگے
    • مصنف, روپا جھا
    • عہدہ, بی بی سی ہندی سروس نئی دہلی
  • وقت اشاعت

بھارت میں سات سال طویل اور صبر آزما عدالتی جنگ کے بعد ایک شخص یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے کہ وہ ملک کی ایک بااثر سیاسی شخصیت کی ناجائز اولاد ہے۔

اس عدالتی فیصلے کے بعد جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی عام خیال یہ ہی ہے کہ عدالتوں میں اب اس نوعیت کے مقدمات کی بھر مار ہو جائے گی کیونکہ بھارتی معاشرے میں بے شمار بچے غیر شادی شدہ جوڑوں کے ہاں پیدا ہوتے ہیں۔

پینتیس سالہ روہت شھیکر عدالتی فیصلے کے بعد آج معاشرے میں سر اٹھا کر چل سکتا ہے۔

وہ مسکراتے ہوئے کہتے ہیں کہ: ’میں دنیا میں پہلا شخص ہوں گا جس کو یہ ثابت کرنے کے لیے وہ ناجائز اولاد ہے لڑنا پڑا۔‘

بھارت کی ایک سرکردہ سیاسی شخصیت نارائن دت تیواری اور روہت شھیکر کے درمیان ولدیت کا مقدمہ سات سال تک چلتا رہا اور بالاخر روہت یہ ثابت کرنے میں کامیاب ہو گئے کہ وہ تیواری کی ناجائز اولاد ہیں۔ تیواری اپنی ساٹھ سالہ سیاسی زندگی میں کانگریس جماعت کے رکن رہے ہیں اور مختلف ادوار میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔

نارائن اپنی نوجوانی میں روہت کے نانا کے گھر اکثر جاتے آتے رہتے تھے
،تصویر کا کیپشننارائن اپنی نوجوانی میں روہت کے نانا کے گھر اکثر جاتے آتے رہتے تھے

روہت نے کہا کہ اس طویل مقدمے میں متعدد بار ’حرام کی اولاد‘ کا لفظ استعمال ہوا۔

انھوں نے کہا کہ مردوں کے اس معاشرے میں انھیں اور ان کی والدہ کو کوئی اپنانے کے لیے تیار نہیں تھا۔

بھارت میں اگر آپ امیر شہری علاقوں سے نکل کر غریب اور پسماندہ علاقوں میں چلے جائیں تو یہ صورت حال مزید ابتر ہو جاتی ہے۔

بے شمار بھارتی سیاست دانوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کے ناجائز تعلقات ہوتے ہیں لیکن عموماً ان کا ذکر نہیں کیا جاتا اور بھارتی ذرائع ابلاغ بھی انھیں مشتہر کرنے سے اجتناب کرتے ہیں۔

ایسا بھی شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ کوئی عورت سرے عام کسی شخص سے اپنے ناجائز تعلقات کے بارے میں کوئی اعتراف کرئے یا اپنے بچے میں کہے کہ یہ اس کی ناجائز اولاد ہے۔

ایسے معاشرے میں روہت شھیکر کی طرف سے اپنی ولدیت ثابت کرنے کے مقدمے نے ہلچل مچا دی تھی۔

روہت کے بچپن میں ایک طاقت ور سیاسی شخص اکثر ان کی والدہ کو ملنے ان کے گھر آتا تھا جہاں وہ اپنے نانا نانی کے ساتھ رہتے تھے۔

ہر مرتبہ اس شخص کے ہمراہ بہت سے سکیورٹی والے بھی آتے تھے۔ گھر کے باہر ان کی گاڑیوں کی قطاریں لگ جاتی تھیں اور بند دروازوں کے پیچھے سرگوشیاں ہوتی تھیں۔ اس شخص کے ہر مرتبہ واپس جانے کے بعد ان کی والدہ کی آہیں اور سسکیاں بھی انھیں یاد ہیں۔

یہ خیال ہمیشہ ہی سے روہت کے لیے سوہانِ روح رہا ہے کہ ان کے والد انھیں اپنا بیٹا تسلیم کرنے سے انکار کردیں گے۔

روہت کی والدہ جوانی میں اپنے شوہر کا گھر چھوڑ کر اپنے والد کے گھر چلی آئی تھیں
،تصویر کا کیپشنروہت کی والدہ جوانی میں اپنے شوہر کا گھر چھوڑ کر اپنے والد کے گھر چلی آئی تھیں

روہت کو یہ بھی یاد ہے کہ ان کی سالگرہ پر یہ شخص ان کے گھر آتا تھا اور وہ اکثر یہ سوچ کر پریشان رہتے کہ وہ ان کے بڑے بھائی کی سالگرہ پر کیوں نہیں آتا۔

وہ اکثر اپنی والدہ سے اس بارے میں سوال کرتے اور جب وہ 15 برس کے ہوئے تو پھر ان کی نانی نے انھیں اس بارے میں بتایا۔

روہت کی والدہ اوجاولا شرما سنہ 1970 میں اپنے دو سالہ بچے کے ساتھ اپنے شوہر کا گھر چھوڑ کر اپنے والدین کے گھر چلی آئی تھیں۔ ان کے والد پروفیسر شیر سنگھ بھی ایک جانی پہچانی سیاسی شخصت تھے۔ اسی دوران ان کی تیورای سے ملاقات ہوئی جو ایک نوجوان اور ابھرتے ہوئے سیاست دان تھے اور تیواری کا ان کے گھر آنا جانا تھا۔

کچھ عرصے بعد روہت پیدا ہوئے لیکن تیواری نے انھیں اپنا بیٹا تسلیم کرنے سے اور روہت کو اپنا نام دینے سے انکار کر دیا۔ تیواری ایک شادی شدہ شخص تھے اور روہت کو اپنا بیٹا تسلیم کرنے سے ان کی سیاسی زندگی تباہ ہو سکتی تھی۔

لہذا روہت کے برتھ سرٹیفیکٹ پر اوجاولا شرما کے شوہر کا نام ہی لکھا گیا۔

روہت کا کہنا تھا کہ جب انھیں یہ پتا چلا تو انھیں خود سے نفرت محسوس ہونے لگی۔

انھوں نے کہا کہ انھیں پھر یہ احساس ہوا کہ خاندان میں ہمشیہ ان سے کیوں تحقیر آمیز سلوک کیا جاتا رہا۔

ان کا غصہ بڑھتا گیا اور آخر یہ ثابت کرنے کے لیے کہ ان کا اصل باپ کون ہے، وہ عدالت پہنچ گئے۔

بھارت جیسے قدامت پسند معاشرے میں جہاں یہ معاملات بہت حساس نوعیت کے ہوتے ہیں وہاں ناجائز اولاد ہونے کا داغ لے کر جینا بہت مشکل ہوتا ہے۔

روہت نے کہا کہ عدالت کے فیصلے نے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ اس عدالتی جنگ میں تیورای کو اپنا ڈی این اے ٹیسٹ کروانا پڑا جس سے یہ ثابت ہوا کہ وہی روہت کے اصلی باپ ہیں۔