کراچی: فائرنگ سے ڈان نیوز کے کارکن زخمی

دونوں زخمیوں کو جناح ہپستال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے
،تصویر کا کیپشندونوں زخمیوں کو جناح ہپستال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے
    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ڈان نیوز کے دو کارکن زخمی ہو گئے ہیں۔

دونوں زخمیوں کو جناح ہپستال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ قائد آباد میں گذشتہ شب پیش آیا۔ ڈی آئی جی ذوالفقار مہر کا کہنا تھا کہ ڈان نیوز کے کنٹریکٹ ملازم یوسف اور حاکم فائرنگ میں اس وقت زخمی ہوئے جب وہ شفٹ تبدیل کر کے واپس جا رہے تھے۔

کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو بھائیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جو ہسپتال میں دم توڑ گئے
،تصویر کا کیپشنکورنگی ویٹا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو بھائیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جو ہسپتال میں دم توڑ گئے

پولیس کے مطابق ٹرانسپورٹ سپروائزر حاکم کو بازو اور گردن جبکہ یوسف کے پیروں میں زخم آئے ہیں، البتہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔

ڈی آئی جی ذوالفقار مہر کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے کی تفصیلات اور شواہد جمع کر رہی ہیں لیکن چشم دید گواہوں کی بیانات سے واقعہ ڈکیتی کا نتیجہ نظر آتا ہے۔

دوسری جانب کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو بھائیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس سے بابر اور شاہد نامی یہ دونں بھائی شدید زخمی ہوگئے۔

ان دونوں کو عباسی شہید ہپستال منتقل کیا گیا تھا جہاں بعد میں دونوں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔

ایس ایچ او کورنگی عبدالمجید کا کہنا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور واقعے کے اسباب کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔