’وزیر اعظم نیب کے معاملات میں مداخلت بند کریں‘

دائر درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ عدالت وزیراعظم کو یہ حکم دے کہ وہ نیب کے معاملات میں مداخلت بند کریں
،تصویر کا کیپشندائر درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ عدالت وزیراعظم کو یہ حکم دے کہ وہ نیب کے معاملات میں مداخلت بند کریں
    • مصنف, شمائلہ جعفری
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • وقت اشاعت

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) پر تنقید کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور نیب کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

یہ نوٹس لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے پاکستان تحریک انصاف کے لائیرز ونگ کے گوہر نواز سندھو کی درخواست پر جاری کیے۔

گذشتہ ہفتے دائر کی گئی اس درخواست میں کہا گیا تھا کہ ایک عوامی اجتماع میں وزیراعظم کی قومی ادارے پر تنقید دراصل ایک وارننگ تھی جو وزیراعظم نے احتساب بیورو پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کے لیے جاری کی۔

درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نے نیب پر تنقید کر کے ادارے کی طرف سے کی جانے والی میگا کرپشن کے کئی مقدمات کی تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے جو کہ کچھ خاص مقدمات کی تحقیقات سے نیب کو روکنے کے مترادف ہے۔

گوہر نواز سندھو نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ عدالت وزیراعظم کو یہ حکم دے کہ وہ نیب کے معاملات میں مداخلت بند کریں۔ نیب ایک خودمختار ادارہ ہے جسے کرپشن میں ملوث کسی بھی ادارے یا شخص سے تحقیقات کا حق حاصل ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے16 فروری کو بہاولپور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران قومی احتساب بیورو کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا
،تصویر کا کیپشنوزیراعظم نواز شریف نے16 فروری کو بہاولپور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران قومی احتساب بیورو کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا

لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت اور نیب حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ تین ہفتے کے اندر ان نوٹسز پر اپنے جواب داخل کریں۔

تاہم درخواست کے لیے آئندہ سماعت کے لیے تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے 16 فروری کو بہاولپور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران قومی احتساب بیورو کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ نیب کی کارروائیاں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں اسے اپنا کام زیادہ ذمہ داری سے کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے نیب کو یہ تنبیہ بھی کی تھی کہ اگر انھوں نے اپنے معاملات درست نہ کیے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ حزب اختلاف کی جانب سے وزیراعظم کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔