کور کمانڈر پشاور کا دورہ افغانستان، سرحدی تعاون بڑھانے پر اتفاق

،تصویر کا ذریعہAFP
پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے اتوار کو افغانستان کا دورہ کیا اور اپنے ہم منصب سے ملاقات کی۔
پاکستانی فوج کے تعلقاتِ عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق انھوں نے افغان بارڈر پولیس اور ایساف کمانڈروں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کی سکیورٹی صورتِ حال کے علاوہ دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سرحدوں پر تعاون کو مزید بڑھانے کے حوالے سے مذاکرات ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ بدھ کو افغانستان کا دورہ کریں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ سرحد پار میں اپنے ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے۔
ان دوروں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ 23 دسمبر کو افغان نیشنل آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل شیر محمد کریمی نے افغانستان میں تعینات ایساف کے سربراہ جنرل جان کیمبیل کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
16 دسمبر کو پشاور کےآرمی پبلک سکول میں دہشت گردوں کے حملے کے اگلے روز پاکستان کے آرمی چیف نے کابل کا ہنگامی دورہ کیا تھا اور افغانستان کی سول اور فوجی قیادت سے اہم ملاقات کی تھی۔
اس سے پہلے گذشتہ سال نو نومبر کو بھی پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے افغانستان کے دورے میں افغان فورسز کو اپنے ملک میں تربیت دینے کی پیشکش کی تھی۔



















