’مولانا عمران خان‘ کے خلاف تحریکِ استحقاق

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, عنبر شمسی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
پاکستان کے ایوان بالا کے بارے میں ’نازیبا‘ زبان استعمال کرنے پر سینیٹ نے عمران خان کے خلاف متفقہ طور پر تحریکِ استحقاق متعلقہ کمیٹی کو بھیج دی ہے۔
یہ تحریکِ استحقاق عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر محمد زاہد خان کی جانب سے پیر کو پیش کی گئی۔
تحریک پیش کرتے ہوئے سینیٹر زاہد خان نے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’ایک رہنما ہیں جو کہتے ہیں کہ سینیٹر بکاؤ ہیں اور امریکہ سے پیسے لے کر ایوان میں آتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان کی توہین ہے اور اس موضوع پر بحث ہونی چاہیے۔
ایجنڈا چھوڑ کر عمران خان کے خلاف سینیٹرز کی جذباتی تقاریر ایوان میں گونجنے لگیں۔ حتیٰ کہ سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین صابر علی بلوچ نے بھی بحث پر قابو پانے کی کوشش کی۔
جب ایک سینیٹر نے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ کو ’مولانا عمران خان‘ کا خطاب دیتے ہوئے کہ ’ہاتھی کے دانت کھانے کے اور ہوتے ہیں اور دکھانے کے اور،‘ تو ڈپٹی چیئرمین نے بحث کو محدود کرنے کے لیے کہا کہ عمران خان صاحب خود ان باتوں کا جواب دینے کے لیے موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمانی قوانین کے تحت عمران خان کے خلاف رولنگ نہیں دی جا سکتی، تاہم اس پر قومی اسمبلی کے سیکریٹری کو خط ضرور لکھا جائے گا۔
لیکن ڈپٹی چیئرمین ناراض سینیٹرز کو روک نہ سکے۔
پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے عبدالرؤف نے کہا کہ عمران خان کے بیان کی وجہ سے ایوان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیریئنز کے سلیم مانڈویوالا نے حیران ہو کر پوچھا کہ ’عمران خان صاحب ٹھیک تو ہیں؟ ایک اخبار میں ان کا بیان آیا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ طالبان خود ایف سی اہلکاروں کی ہلاکت کی تحقیق کریں، وہ جنہوں نے ان اہلکاروں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی تھی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور قائدِ ایوان راجہ ظفرالحق نے کہا کہ زاہد خان کی تحریک پر تمام سیاسی جماعتوں کے 26 سینیٹروں نے دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے گزارش کی کہ اسے پارلیمان کی استحقاق کمیٹی کے سپرد کر دیا جائے۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف کا کوئی نمائندہ نہیں ہے اور ماضی میں بھی سینیٹ میں عمران خان پر بات ہوتی رہی ہے۔
جمعے کے روز سینیٹ سے عمران خان کے اس بیان پر واک آؤٹ کیا گیا تھا کہ وزیرِ اغطم نے تحریکِ انصاف کے سربراہ کو بتایا تھا کہ طالبان کے خلاف فوجی کارروائی کی چالیس فیصد کامیابی ممکن ہے۔



















