اعتراضات دور کرنے کیلیے 5 اکتوبر تک مہلت

آخری وقت اشاعت:  بدھ 26 ستمبر 2012 ,‭ 10:37 GMT 15:37 PST

عدالت نے گذشتہ سماعت کے موقع پر وزیراعظم کو حاضری سے مستثنیٰ قرار دے دیا تھا

پاکستان کی سپریم کورٹ نے سوئس حکام کو لکھے جانے والے مجوزہ خط کے ترمیم شدہ مسودے پر بھی عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق عدالت نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ پانچ اکتوبر تک عدالتی اعتراضات دور کر دے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں توہینِ عدالت کی کارروائی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔

سپریم کورٹ این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کر رہا ہے۔

بدھ کو سپریم کورٹ میں این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران وزیرِ قانون فاروق ایچ نائیک نے سپریم کورٹ میں ترمیم شدہ مسودہ پیش کیا۔

ترمیم شدہ مسودہ پیش کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ عدالت کی تجویز کردہ ترامیم اس مسودے میں شامل کی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر قانون نے عدالت سے استدعا کی کہ معاملے کے حل لیے کچھ دیر کے لیے ان کا موقف چیمبر میں سن لیں۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس میں کہا کہ آپ (وزیرِ قانون) جس جذبے کے ساتھ معاملے کو لے کر بڑھ رہے ہیں وہ قابلِ تعریف ہے۔

سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے مطابق بینچ میں شامل جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے خط کے متن کا جائزہ چیمبر میں لینے کی مخالفت کی تاہم عدالت نے مجوزہ خط کے ترمیم شدہ مسودے کا جائزہ چیمبر میں لینے کا فیصلہ کیا۔

مخالفت

سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے مطابق بینچ میں شامل جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے خط کے متن کا جائزہ چیمبر میں لینے کی مخالفت کی ہے۔

چیمبر میں اس مسودے کا تقریباً تیس منٹ تک جائزہ لیا گیا اور اس دوران وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک اور وزیراعظم کے وکیل وسیم سجاد بھی وہاں موجود تھے۔

پی ٹی وی کے مطابق اس مسودے کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ترمیم شدہ مسودے پر بھی عدم اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ حکومت کے پاس عدالتی اعتراضات دور کرنے کے لیے پانچ اکتوبر تک کا وقت ہے۔

سماعت ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ’آج بھی انہوں نے تجاویز دیں۔ میں نے ان سے درخواست کی کہ مجھے وقت چاہیے کیوں کہ مجھے وزیر اعظم ہاؤس سے مشورہ کرنا تھا، کیوں کہ میں خود آخری اتھارٹی نہیں ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ عدالت نے وقت دے دیا ہے کہ پانچ اکتوبر تک جو بھی مشاورت ہو وہ لے کر اس خط کو پیرا 178 کی روشنی میں مکمل کروں تاکہ یہ معاملہ ختم ہو جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا ’جو بھی ان کی سفارشات ہیں ان کو نظر میں رکھ کر اس معاملے کا حل ہو گا اور آپ دیکھیں گے کہ بڑی خوش اسلوبی کے ساتھ یہ معاملہ حل ہو گا۔‘

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ججوں میں اختلاف ہے۔ ’میں نے کوئی اختلاف نہیں دیکھا۔ ججوں نے کوئی دھمکی نہیں دی کہ وزیراعظم کے خلاف توہینِ عدالت کا مقدمہ قائم کیا جائے گا۔‘

"ان سفارشات کی روشنی میں ہم نے ان کو دور کیا، آج بھی ان انہوں نے تجاویز دیں۔ میں نے ان سے درخواست کی کہ مجھے وقت چاہیے کیوں کہ مجھے وزیر اعظم ہاؤس سے مشورہ کرنا تھا، کیوں کہ میں خود آخری اتھارٹی نہیں ہوں۔"

فاروق ایچ نائیک

واضح رہے کہ منگل کو سپریم کورٹ میں وفاقی وزیرِ قانون فاروق ایچ نائیک نے سوئس حکام کو لکھے جانے والے مجوزہ خط کا مسودہ پیش کیا تھا۔ اس مسودے میں سپریم کورٹ نے ترامیم تجویز کی تھیں۔

یاد رہے کہ اٹھارہ ستمبر کو ہونے والی سماعت میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے سوئس حکام کو خط لکھنے کے لیے وزیر قانون کو اختیار دے دیا ہے۔

یہ خط سوئس حکام کو سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے اُس خط کو واپس لینے سے متعلق لکھا جانا ہے جس کے تحت صدر زرداری کے خلاف سوئس عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات پر کارروائی روک دی گئی تھی۔

ملک قیوم نے سنہ دو ہزار سات میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کے درمیان این آر او کا معاہدہ طے پانے کے بعد سوئس حکام کو خط لکھا تھا تاہم بعد میں دسمبر سنہ دو ہزار نو میں سپریم کورٹ نے اس قانون یعنی این آر او آرڈیننس کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس سے مستفید ہونے والوں کے خلاف مقدمات دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا۔

اسی بارے میں

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔