
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف این آر او عملدرآمد کیس میں دوسری بار عدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے این آر او عمل درآمد کیس میں توہین عدالت کے نوٹس کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا ہے کہ انہوں نے سوئس حکام کو خط لکھنے کے لیے وزیر قانون کو اختیار دے دیا ہے۔
وزیر قانون فاروق ایچ نائیک سوئس حکام کو سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے اس خط کو واپس لینے سے متعلق لکھیں گے جس کے تحت صدر زرداری کے خلاف سوئس عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر کارروائی روک دی گئی تھی۔
یہ خط ملک قیوم نے سال دو ہزار سات سابق فوجی صدر پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کے درمیان این آر او کا معاہدہ طے پانے کے بعد سوئس حکام کو لکھا تھا تاہم بعد میں دسمبر سال دو ہزار نو میں سپریم کورٹ نے اس این آر او آرڈیننس کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس آرڈیننس سے مستفید ہونے والوں کے خلاف مقدمات دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے این آر او پر عمل درآمد کیس میں توہینِ عدالت کے مقدمے کی سماعت کی۔
بی بی سی کے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ سوئس حکام لکھے جانے والے خط پر عدالت کی تسلی ہونا لازمی ہے۔
بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ خط لکھنے سے پہلے اس کا مسودہ عدالت کو دیکھایا جائے تاکہ اس میں اگر کسی تبدیلی کی ضرورت ہوئی تو کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ این آر او آرڈیننس سے متعلق سپریم کورٹ کے سترہ رکنی بینچ کے فیصلے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے این آر او آرڈیننس سے متعلق عدالتی فیصلے کی شق 178 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سوئس حکام کو لازمی خط لکھنا ہو گا۔
عدالت نے وزیر قانون کو خط کا مسودہ تیار کرنے کے لیے رواں ماہ کی پچیس تاریخ کا وقت دیتے ہوئے اسی تاریخ کو آئندہ سماعت کے موقع پر وزیراعظم کی حاضری کو مستثنیٰ قرار دے دیا۔
سماعت کے موقع پر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اتحادی جماعتوں کے رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے
سماعت کے موقع پر وزایراعظم نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ اور صدر زرداری بیرون ممالک کے دورے پر جا رہے ہیں اس کے علاوہ روس کے صدر آئندہ ماہ کی دو تاریخ کو پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چار ملکی کانفرس بھی منعقد ہو رہی ہے جو کہ خطے میں امن و امان کے حوالے سے خاصی اہمیت کی حامل ہے۔
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ این آر او عمل درآمد کے معاملے پر حکومت اور عوام میں بڑی بے چینی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران بھی صحافیوں نے ان سے اس معاملے پر سوالات کیے جو کہ وزیراعظم کے بقول ان کے لیے پریشانی کا باعث تھا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سوئس حکام کو ایسا خط لکھا جائے گا جس سے عدالت کے وقار میں اضافہ بھی ہو اور وفاق کے خدشات بھی دور ہو جائیں۔
عدالت نے وزیرِ قانون فاروق ایچ نائیک سے کہا کہ خط کے مسودے کی منظوری کے بعد اس کو متعلقہ سوئس حکام تک پہنچانے کے معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا اسے پاکستان سے ارسال کر دیا جائے یا کسی اہلکار کے ذریعے براہ راست سوئس حکام تک پہنچایا جائے۔
وفاقی وزیر قانون نے خط کا مسودہ تیار کرنے سے متعلق عدالت سے رواں ماہ کی اٹھائیس تاریخ تک کی مہلت مانگی تاہم عدالت نے انہیں پچیس تاریخ تک کا وقت دیا۔عدالت نے کہا کہ اس معاملے پر زیادہ تاخیر سے شکوک و شہبات پیدا ہونگے۔
مسودے کی منظوری کے بعد
عدالت نے وزیرِ قانون فاروق ایچ نائیک سے کہا کہ خط کے مسودے کی منظوری کے بعد اس کو متعلقہ سوئس حکام تک پہنچانے کے معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا اسے پاکستان سے ارسال کر دیا جائے یا کسی اہلکار کے ذریعے براہ راست سوئس حکام تک پہنچایا جائے۔
بینچ میں موجود جسٹس اعجاز چوہدری نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ جب اپنی مرضی کی قانون سازی کرنی ہو تو چند گھنٹوں میں ہی ہو جاتی ہے لیکن عدالتی حکم نامے پر عمل درآمد کے لیے مہلت پر مہلت مانگی جاتی ہے۔
منگل کو سپریم کورٹ میں وزیراعظم کی آمد کی وجہ سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے اور سپریم کورٹ آنے والے افراد کو خصوصی اجازت نامہ جاری کیے گئے۔
قانونی ماہرین کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے عدالت میں سوئس حکام کو خط لکھنے سے متعلق بیان دینے کے بعد حکومت کے پاس اپنے ہی صدر کے خلاف بیرون ملک مقدمات پر کارروائی دوبارہ شروع کرنے کی درخواست دینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔
یاد رہے کہ ستائیس اگست کو اسی مقدمے کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد سے متعلق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کواٹھارہ ستمبر تک کی مہلت دی تھی۔
عدالت کا کہنا ہے تھا کہ وزیرِاعظم سے صدر زرداری کے خلاف مقدمات دوبارہ کھولنے کے لیے سوئس حکام کو خط لکھنے کے لیے وعدہ طلب کیا تھا لیکن انہوں نے سنجیدہ کوششیں کرنے کا ذکر کیا ہے لہٰذا انہیں مہلت دی گئی۔
اس سے پہلے آٹھ اگست کو سپریم کورٹ نے قومی مفاہمتی آرڈیننس یعنی این آر او پر عمل درآمد کے مقدمے میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو توہینِ عدالت کے مقدمے میں اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا۔






























