بجٹ عوام دوست ہو گا، صدر زرداری

،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمعہ کو پیش کیا جانے والا وفاقی بجٹ عوام دوست ہوگا جو عام آدمی کو ریلیف دے گا۔
صدر نے یہ بات کراچی میں جمعرات کو بلاول ہاؤس میں پپلز پارٹی کے اراکینِ صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا جس میں صدر نے اراکینِ اسمبلی کو کئی قومی معاملات پر اعتماد میں لیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنا پانچواں بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے جو جمہوری حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔
ان کے بقول ایک جمہوری حکومت کی جانب سے پانچواں بجٹ پیش کیا جانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری ادارے مضبوط ہو رہے ہیں اور مفاہمت کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
نامہ نگار ارمان صابر کے مطابق پاکستان میں توانائی کے بحران کے معاملے پر صدر زرداری نے کہا کہ حکومت توانائی کی قلت کے چیلنج کی اہمیت کو جانتی ہے اور کم سے کم وقت میں اس پر قابو پانے کے لیے پُر عزم ہے۔
’ہمیں سیاسی محاذ، صوبوں کو اختیارات کی منتقلی، آئینی اصلاحات اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کتنی کامیابیاں حاصل ہوتی ہیں، ان سب باتوں سے قطعِ نظر عوام ہمارے جج ہیں جو ہمارے اقدامات سے ہمیں جانچتے ہیں کہ ہمیں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں کتنی کامیابی ہوئی اور حکومت کو اس کا بھرپور احساس ہے۔‘
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر مملکت نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ انہیں حل کرنے کے لیے بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صدر زرداری نے اس موقع پر پیپلزپارٹی کے اراکینِ صوبائی اسمبلی پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جو مختلف صوبائی وزارتوں کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ تیار کر کے اپنی جماعت کو پیش کرے گی۔
اس موقع پر بعض اراکینِ صوبائی اسمبلی نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔



















