’وزیراعلی بلوچستان عدالت میں پیش ہوں‘

وقت اشاعت

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار چوہدری نے بلوچستان میں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان اور صوبائی وزیر داخلہ کوجمعرات کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔

عدالت نے وزیرِاعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کو ہدایت کی ہے کہ وہ لاپتہ افراد کے بارے میں اپنا تحریری بیان عدالت میں جمع کرائیں۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق بدھ کو سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچستان میں امن و امان اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کا اتنا بڑا مسئلہ ہے مگر وفاقی حکومت وہاں کوئی توجہ نہیں دے رہی عدلیہ کا کام قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔

لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے آئی جی ایف سی اور خفیہ اداروں کے صوبائی سربراہان کو عدالت میں پیش ہونے کے حکم پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ خفیہ اداروں کے سربراہ مصروف ہیں اس لئے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

اس موقع پر بینچ میں شامل جج جسٹس خلجی عارف حسین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں لوگوں کے گھر جل رہے ہیں اور آپ لوگوں کی میٹنگز ختم نہیں ہو رہی ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے عدالت کو بتایا کہ ہم آپ کی ہدایت کے مطابق اس کیس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

چیف جسٹس نے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی نوکری جاتی ہے تو جائے لیکن لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے ورنہ پولیس افسران تحریری طور پر لکھ کر دیں کہ وہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے کہا کہ وہ لکھ کر دیں کہ آئین کے آرٹیکل نو کے تحت ریاست شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں تو پھر کیا کرنا چاہیئے؟

اگر بلوچستان حکومت بے بس ہے تو یہ نہ سمجھا جائے کہ ہم بھی بے بس ہیں، ہم کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔لاپتہ افراد کی بازیابی پولیس کی ذمہ داری ہے اگر پولیس یا صوبائی حکومت کچھ نہیں کرسکتیں تو ہم وزیراعلی بلوچستان کو عدالت میں طلب کرسکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں چیف سیکرٹری کے علاوہ کوئی ذمہ دار موجود نہیں، گورنر اور وزیراعلیٰ صوبے سے باہر ہیں۔

چیف جسٹس نے جمعرات کو آئی ایس آئی کے سیکٹر انچارج کوطلب کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب وزیراعظم عدالت میں آسکتے ہیں تو سیکٹر انچارج آئی ایس آئی کیوں نہیں آسکتے؟۔

جسٹس عارف خلجی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جو لاپتہ لوگ واپس آئے ہیں کیا پولیس سے ان سے پوچھا کہ وہ کہاں تھے۔؟

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ ڈاکٹر نصیر ،اختر لانگو حفیظ رودینی اور سریاب سے اغواءہونے والے لوگ کہاں تھے؟۔

جسٹس طارق پرویز نے کہا کہ ہمیں کوئٹہ آمد پر خوفزدہ کرنے کے لیے لاشیں پھینکی جارہی ہیں لیکن ہم جب تک زندہ ہیں لاپتہ افراد کی بازیابی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

فرنٹیئر کور کے ڈی آئی جی فرخ شہزاد نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں۔

جس پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ،صوبائی وزیر داخلہ ذاتی طور عدالت میں پیش ہوکر یقین دہانی کرائیں کہ آئندہ کوئی بھی شخص لاپتہ ہوگا اور نہ ہی کسی کی لاش ملے گی۔