’جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی جاری رہے گی‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
آئی جی سندھ مشتاق شاہ نے کہا ہے کہ لیاری میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی ان کی گرفتاری تک جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ لیاری میں جاری آپریشن کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور اسی دوران گولی لگنے سے تھانہ سول لائنز کے تھانیدار فواد خان ہلاک ہوگئے۔
انہوں نے کہ اس آپریشن کا بنیادی مقصد مخصوص علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کی مجودگی کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم اس علاقے میں موجود جرائم پیشہ افراد بھتہ لیتے ہیں اور یہی لوگ عام شہریوں کو اغواء کرکے تشدد کا نشانہ بناتے اور ان سے تاوان وصول کرتے ہیں اور یہ آپریشن ان کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نہیں بتایا جاسکتا کہ ابھی یہ آپریشن اور کتنا عرصہ جاری رہے گا۔
کراچی سے نامہ نگار حسن کاظمی کے مطابق آئی جی نے بتایا کہ پولیس کو رینجرز اور ایف سی کی بھی مدد حاصل ہے کیونکہ جرائم پیشہ افراد کے پاس بڑی تعداد میں بھاری ہتھیار موجود ہیں جن کا وہ آزادانہ استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بھی ان افراد سے لڑ رہے ہیں اور اس دوران گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں جن کی تفصیل فی الحال نہیں بتائی جاسکتی۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ان پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہے اور وہ بحیثیت پولیس افسر اپنا کام کررہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کے دوسرے روز راکٹ اور دستی بم کے حملوں میں ایک انسپکٹر سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق لیاری کے علاقے بہار کالونی میں پولیس لائنز کلا کوٹ کو مسلح حملہ آوروں نے تین اطراف سے گھیر کر دستی بموں سے حملہ کیا جس سے وہاں موجود سول لائنز تھانے کے تھانیدار فواد خان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اے ایس آئی افتخار دو دیگر کانسٹیبل زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کے مطابق اب تک ایک ایس ایچ او ہلاک ، ایک اے ایس ّآئی، ایک ہیڈ کانسٹیبل اور تین کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے مختلف علاقوں میں شدید فائرنگ کی وجہ سے ایک خاتوں سمیت دو مزید افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر کئی عام شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔



















