اے این ایف پر جھوٹے مقدمے بنانے کا الزام

سپریم کورٹ نے انسداد منشنیات فورس میں کیے گئے تبادلوں کے احکامات کومعطل کر دیا
،تصویر کا کیپشنسپریم کورٹ نے انسداد منشنیات فورس میں کیے گئے تبادلوں کے احکامات کومعطل کر دیا
وقت اشاعت

انسداد منشیات ڈویژن کے قائم مقام سیکرٹری ظفر عباس لک نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کے سامنے انسداد منشیات فورس پر جھوٹے مقدمات بنانے کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ فورس کے اہلکار خود کو جوابدہ نہیں سمجھتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ ’اینٹی نارکوٹکس فورس‘ پر جھوٹے پرچے کرنے کا الزام ثابت نہ کرسکے تو مستعفیٰ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورس والے کل وزیراعظم کی گاڑی میں ہیروئن رکھ کر ان پر بھی مقدمہ بنا دیں گے۔

یہ بات انہوں نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے سامنے ’ایفیڈرن کوٹہ سکینڈل‘ کے مقدمے کی سماعت کے دوران کہی۔

انسداد منشیات ڈویژن کے قائم مقام سیکرٹری ظفر عباس لک نے کہا کہ انسداد منشیات فورس ان کے ماتحت ہے اور ان کے ماتحت افسران ان کے احکامات نہیں مانتے۔

انہوں نے قدرے تلخ لہجے میں کہا کہ ان کے ماتحت افسران کے اقدامات باغیانہ ہیں اور وہ انہیں (ظفر عباس لک کو) گزشتہ رات گرفتار کرنا چاہتے تھے اور یہ کیسے ممکن ہے کہ ماتحت افسر اپنے سربراہ کو گرفتار کریں؟ ’میں ان کا سپروائیزر ہوں میں ان سے نہیں پوچھوں گا تو کون پوچھے گا؟‘

عدالت نےسیکرٹری ظفر عباس لک سے کہا کہ وہ رویہ درست کریں۔ انہوں نے کہا کہ جناب ان کی بات سنی جائے۔ انہوں نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے انصاف چاہتے ہیں اور اگر ان کی بات نہیں سنی جائے گی تو وہ انصاف کے لیے کہاں جائیں؟

ظفر عباس لک نے کہا کہ انہوں نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاروں سے’ایفیڈرن کوٹہ سکینڈل‘ کے بارے میں معلومات مانگی تو ان کے خلاف کام میں مداخلت کا الزام لگا کر اپنے ہی ماتحتوں نے انہیں ملزم نامزد کر دیا ہے۔ عدالت نے پھر انہیں رویہ درست کرنے اور بیٹھنے کی ہدایت کی تو وہ بیٹھ گئے۔

سپریم کورٹ نے جمعہ کو انسداد منشیات ڈویژن کے قائم مقام سیکرٹری کی جانب سے انسداد منشیات فورس میں کیےگئے تبادلوں کے احکامات معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت تین ہفتے کے لیے ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ’ایفیڈرن کوٹہ سکینڈل‘ کی آزادانہ اور شفاف تحقیقاتی رپورٹ مرتب کی جائے۔

اس سے پہلے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ریجنل کمانڈر برگیڈیئر فہیم خان نے الزام لگایا کہ سیکرٹری اینٹی نارکوٹکس ڈویژن ایفیڈرن کوٹہ کیس کی تحقیقات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ اینٹی نارکوٹکس فورس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ’ایفیڈرن کوٹہ سکینڈل‘ میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے سپریم کورٹ میں دائر کردہ رپورٹ میں اپنے ہی سربراہ (سیکرٹری نارکوٹکس ڈویزن ظفر عباس لک)، وزیراعظم کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی علی موسیٰٰ گیلانی اور رکن قومی اسمبلی میاں عبدالستار سمیت تین دیگر اعلیٰ افسران کو بھی ملزم ٹہرایا ہے۔

جس میں وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری خوشنود لاشاری، ڈرگ کنٹرولر شیخ انصار انجم شاہ اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر عبدالستار شامل ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے قانون کے تحت مقررہ کوٹہ سے زیادہ اسلام آباد اور ملتان میں قائم دو ادویہ ساز کمپنیوں کو’ایفیڈرن‘ کا کوٹہ دلوایا۔

انسداد منشیات فورس کے مطابق پاکستان میں تیار ہونے والے اس کیمائی مواد کی متعلقہ کمپنیوں نے عراق اور افغانستان میں ادویات بھیجنے کے لیے کوٹہ حاصل کیا۔ لیکن بعد میں اس کوٹہ کو مقامی استعمال کے لیے اجازت حاصل کی۔ لیکن تحقیقات سے پتہ چلا کہ وہاں مطلوبہ مقدار میں متعلقہ ادویات بھیجی گئیں اور نہ ہی اس کیمیائی مواد کے جائز استعمال کے ثبوت پیش کیے گئے۔

فورس کی تحقیقاتی ٹیم نے شبہہ ظاہر کیا ہے کہ وزیراعظم کے صاحبزادے نے مبینہ طور پر ناجائز اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے کروڑوں روپے رشوت کی خاطر ایفیڈرن کا کوٹہ دلوایا ہوگا۔

علی موسیٰ گیلانی اور ان کے والد وزیراعظم یوسف رضا گیلانی الزامات کو مسترد کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ دو تحقیقاتی کمیٹیاں جانچ کرچکی ہیں لیکن اس میں کہیں ان کا نام نہیں آیا۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز یہ بھی کہا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کا ساتھ دینے کی سزا دینے کے لیے انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر بدنام کیا جا رہا ہے۔

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری بھی کچھ روز قبل یہ کہہ چکے ہیں کہ اینٹی نارکوٹکس فورس پہلے بھی لوگوں پر جھوٹے مقدمات بناتا رہا ہے۔ ان کے بقول جب وہ جیل میں تھے تو ان پر منشیات کا ایک جھوٹا مقدمہ بنایا گیا اور جھوٹی گواہی دینے کے لیے ایک شخص پر تشدد بھی کیا گیا۔

ایفیڈرن کا استعمال

ایفیڈرن ریگستانوں میں اگنے والے ایک پودے ایفیڈرا سے حاصل ہونے والا کیمیائی مواد ہے۔ یہ دمہ، وزن کم کرنے، جسم کی توانائی بڑھانے اور ایتھلیٹک پرفارمنس بڑھانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ دنیا میں اس کے محدود پیمانے پر استعمال کی اجازت ہے کیونکہ اس کے سنگین نقصانات بھی ہوتے ہیں۔ جیسا کہ نیند نہ آنے کی بیماری اور نسیں سن ہوجانا وغیرہ۔

انٹرنیشنل اینٹی نارکوٹکس بورڈ نے دنیا کے مختلف ممالک کے لیے کوٹہ مختص کرتا ہے۔ پاکستان کے لیے سنہ دو ہزار دس میں سالانہ کوٹہ بائیس ہزار کلوگرام تھا جو بعد میں بڑھا کر ساڑھے اکتیس ہزار کلو گرام کیاگیا۔ پاکستان میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے سالانہ اوسط ضرورت ساڑھے تیرہ ہزار کلوگرام ہے۔