بشیر قریشی کےجسم سے کیمیائی مادہ برآمد

جئے سندھ قومی محاذ نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے کہ ریاستی اداروں نے بشیر قریشی کو راستے سے ہٹایا ہے۔
،تصویر کا کیپشنجئے سندھ قومی محاذ نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے کہ ریاستی اداروں نے بشیر قریشی کو راستے سے ہٹایا ہے۔
وقت اشاعت

سندھ حکومت کی میڈیکل ٹیم نے کہا ہے کہ قوم پرست جماعت جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین بشیر قریشی کے جسم سے لیے گئے نمونے میں اُرگینو فاسفورس نامی کیمیائی مادہ پایاگیا ہے۔

جئے سندھ قومی محاذ نے بشیر قریشی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حقائق سامنے نہ لانے پر احتجاج کیا تھا، جس کے بعد سندھ حکومت نے کیمیائی تجزیہ کے لیے پندرہ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

اس بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر عمر میمن نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے بشیر قریشی کے جسم سے حاصل کیےگیے نمونے کیمیائی تجزیہ کی لیبارٹری اور دو کالجوں کی پیتھالوجی لیبارٹریوں کو بھیجے تھے۔

’تجزیے سے یہ پتہ چلتا ہے کہ مرحوم دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور انہیں دل کا دورہ پہلے بھی پڑ چکا تھا، جبکہ کیمیائی تجزیے میں ایک کیمیکل مرکب ملا ہے جسے اُرگینو فاسفورس کہا جاتا ہے۔‘

ڈاکٹر عمر کے مطابق فاسفورس زرعی اور انسانی ادویات میں استعمال ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف جزیات معلوم کی ہیں اور مزید تجزیے کی ضرورت ہے، جس کی ان کے پاس سہولیات دستیاب نہیں ہیں، اس لیے وہ اس فاسفورس کی مقدار کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکتے۔

دوسری جانب ایک سابق پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ اُرگینو فاسفورس کا شمار خطرناک زہروں میں کیا جاتا ہے، جس کا پتہ خون کے تجزیے سے نہیں لگایا جاسکتا بلکہ اس کا پتہ معدے سے لگتا ہے۔

اس پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ اُرگینو فاسفورس سے دل کا دورہ نہیں پڑ سکتا، اس سے آنتیں اور معدہ پھٹ جاتا ہے مگر بشیر قریشی کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دیا جا رہا ہے، جن میں ممالثت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ جئے سندھ قومی محاذ بھی یہ واضح کرچکی ہے کہ بشیر قریشی کبھی عارضہِ قلب میں مبتلا نہیں رہے۔

دوسری جانب جئے سندھ قومی محاذ کے سینئر وائس چیئرمین نیاز کالانی اور جنرل سیکریٹری آصف بالادی نے جمعرات کی شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کو مبہم قرار دیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ حقائق پر ایک مرتبہ پھر پردہ ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ عوام کو گمراہ کیا جاسکے۔

جئے سندھ قومی محاذ نے مبینہ مبہم رپورٹ کے خلاف سنیچر کو سندھ میں شٹر بند ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

تنظیم کے جنرل سیکریٹری آصف بالادی کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے وعدہ کیا تھا کہ کیمیائی تجزیہ بین الاقوامی معیار کی لیبارٹری سے بھی کرایا جائے گا اور انہیں اپنا وعدہ پورا کرنا چاہیے۔

جئے سندھ قومی محاذ کی قیادت نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا ہے کہ تئیس مارچ کو ’فریڈم مارچ‘ کے بعد ریاستی اداروں نے خوف زدہ ہوکر بشیر قریشی کو راستے سے ہٹایا ہے مگر یہ جدوجہد جاری رہے گی۔