’قومپرست جماعتوں کے پاس واضح پروگرام نہیں‘

پاکستان تضادات کا مجموعہ ہے: جلال شاہ
،تصویر کا کیپشنپاکستان تضادات کا مجموعہ ہے: جلال شاہ
وقت اشاعت

پاکستان کے صوبہ سندھ کی قوم پرست جماعتیں بغیر کسی واضح پروگرام کے پیپلز پارٹی کا متبادل نہیں بن سکتی۔

ان خیالات کا اظہار کراچی میں قومپرست جماعتوں اور دانشوروں نے ایک مباحثے میں کیا گیا۔ اس مباحثے کا انتظام سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ نے کیا تھا۔

سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ اور جیے سندھ تحریک کے بانی جی ایم سید کے پوتے جلال محمود شاھ کا کہنا تھا کہ سندھ کی سیاست دو دھڑوں میں تقسیم ہے۔ ’ایک قوم پرست ہیں اور دوسرے وفاق پرست۔‘

جلال شاھ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی تاریخی حقوق دینے سے انکار کرتی رہی ہے۔ ’پاکستان تضادات کا مجموعہ ہے۔ یہ بات تسلیم کرنے پڑی گی کہ یہ کثیر القومی ملک ہے، مذہب اور ریاست دو الگ چیزیں ہیں سندھ ایک سیکولر خطہ ہے مگر مذہب ریاست کی بنیاد میں موجود ہے۔ تیسرا تضاد یہ ہے کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ کیسے رہنا ہے اس بات کا آج تک تعین نہیں ہوسکا ہے۔‘

کراچی میں بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق اس مباحثے میں قوم پرستی کے روایتی سیاسی طریقوں کی جدت سے دوری بھی زیر تنقید آئی۔

جیے سندھ محاذ کے رہنما ڈاکٹر صفدر سرکی کا کہنا تھا یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس جمہوریت سے پیپلز پارٹی اور بلوچوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔

صفدر سرکی جنرل پرویز مشرف کے دور میں کئی ماہ عقوبت خانوں میں رہ چکے ہیں۔ ’یہ آزادی کی صدی ہے۔ عالمی طاقتیں تاریخی طور پر سندھ مخالف رہی ہیں مگر اس بار ان کی نگاہیں سندھ اور بلوچستان پر ہیں کیونکہ سندھ کے عوام سیکولر اور امن پسند ہیں جو ان طاقتوں کے فطری اتحادی ہیں۔‘

عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے پاکستان کے قیام اور ہندوستان سے بڑی تعداد میں لوگوں کی سندھ آمد پر خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جو مہاجرین کو جگہ فراہم کی گئی وہ ایک غلط فیصلہ ثابت ہوا ہے۔’سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، کراچی میں اسی زمین کے بیٹوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جاتی ہے۔‘

سندھ کی مڈل کلاس کو اپنی سوچ میں تبدیلی لانی پڑے گی: ولید شیخ
،تصویر کا کیپشنسندھ کی مڈل کلاس کو اپنی سوچ میں تبدیلی لانی پڑے گی: ولید شیخ

ایاز لطیف کا کہنا تھا کہ سندھ میں تبدیلی آرہی ہے۔ ’ماضی میں قوم پرست رہنماؤں جی ایم سید ، پلیجو اور ممتاز بھٹو میں اختلافات نظر آتے ہیں مگر اب ان کو ختم کیا جارہا ہے تمام فریقین قریب آرہے ہیں، یہ سلسلہ آگے چلتا رہے گا۔‘

عوامی جمہوری پارٹی کے سربراہ ابرار قاضی کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایسی کوئی جماعت نہیں ہے جو پیپلز پارٹی کا متبادل ثابت ہو اور اس کی وجہ یہ ہے کہ دیگر جماعتوں کے پاس کوئی واضح پروگرام نہیں ہے اس لیے پیپلز پارٹی جیسی بھی ہے اچھی ہے۔

’کرپشن، ایم کیو ایم اور گڈ گورننس چھوٹے مسائل ہیں فوجی حکومت سب سے بڑا مسئلہ ہے جو ان تمام مسائل کی جڑ ہے۔‘

سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے رہنما میر تھیبو کے مطابق قوم پرست جماعتیں ایک بڑے عرصے سے میدان میں موجود ہیں مگر آج تک لوگوں کو متوجہ نہیں کرسکی ہیں اور اس کی وجہ یہ ہی ہے کہ ان کے پاس کوئی واضح پروگرام نہیں ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر ولید شیخ کا خیال تھا کہ سندھ کی مڈل کلاس کو اپنی سوچ میں تبدیلی لانی پڑے گی۔ عوام کو ووٹ سوچ سمجھ کر استعمال کرنا چاہیے اور اسے وڈیروں، جاگیر داروں اور پیروں کی اثر سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔