’سنّی اتحاد کونسل کے لیے امریکی امداد‘

سنی اتحاد کونسل سمیت سمیت مختلف مذہبی تنظیموں نے گورنر پنجاب کے قاتل ممتاز قادری کے حق میں مظاہرے کیے تھے
،تصویر کا کیپشنسنی اتحاد کونسل سمیت سمیت مختلف مذہبی تنظیموں نے گورنر پنجاب کے قاتل ممتاز قادری کے حق میں مظاہرے کیے تھے
وقت اشاعت

امریکہ کا کہنا ہے کہ اس نے سال دو ہزار نو میں پاکستان میں سنی مسلک کے مسلمانوں کی ایک تنظیم سنی اتحاد کونسل کو شدت پسندی، خودکش حملوں کے خلاف اور ملک کی فوج کے حق میں مظاہرہ کرنے کے لیے مالی امداد فراہم کی تھی۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ اب اس تنظیم کے شدت پسندی کے بارے میں موقف تبدیل ہونے پر مستقبل میں کسی قسم کی امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل یا اس کے کسی ممبر نے امریکہ سے کبھی بھی مالی امداد لینے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے تنظیم کے خلاف ایک سازش قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی ایک ترجمان عروشہ زیڈ رانا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت نے سنی اتحاد کونسل کو اگست سال دو ہزار نو میں چھتیس ہزار چھ سو سات ڈالر کی رقم فراہم کی تھی تاکہ اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں شدت پسندی کے خلاف اور خودکش حملوں کے خلاف، پاکستانی فوج کی شدت پسندی کے خلاف کارروائیوں کے اعتراف میں ایک جلسے کے انعقاد میں مدد مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے یہ رقم صرف ایک مخصوص تقریب کے لیے فراہم کی تھی۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے رقم وصول کرنے کی تردید کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی ہیں کہ کن وجوہات کی بنا پر تنظیم کی جانب سے انکار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سال دو ہزار نو کے بعد اس تنظیم کی قیادت اور پالیسی میں تبدیلی کی وجہ سے اب ان کو مزید کسی قسم کی مالی امداد فراہم نہیں کرے گی۔

خیال رہے کہ سنی اتحاد کونسل سمیت سمیت مختلف مذہبی تنظیموں نے گورنر پنجاب کے قاتل ممتاز قادری کے حق میں مظاہرے کیے تھے۔ سنی اتحاد نے قادری کے حق میں مظاہرے سے قبل ملک میں صوفیائے کرام کے مزاروں پر خودکش حملوں اور طالبان کے خلاف مظاہرے کیے تھے۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور مسلم لیگ نون کے فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے بی بی سی اردو کے ذیشان ظفر سے بات کرتے ہوئے سختی سے تردید کی کہ ان کی تنظیم یا ان کے کسی ممبر نے کبھی بھی امریکہ سے مالی امداد لی ہے۔

’ رقم وصول کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا ہوتا ہے اور یہ محض ہمیں بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے اور ہمیں اس معاملے کا ابھی معلوم ہوا ہے اور اس کا کا جائزہ لے رہے ہیں‘۔ انھوں نے کہا کہ ’ہماری تنظیم کو طالبان ، دہشت گردی، قتل و غارت قابلِ قبول نہیں ہے اور یہ موقف ہمارے عقیدے کے مطابق ہے اور یہ کسی کے ایماء یا کہنے پر اختیار نہیں کیا گیا ہے‘۔

صوبہ پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کے حق میں مظاہرے کرنے کرنے کے سوال پر صاحبزادہ فضل کریم کا کہنا تھا کہ ہم ممتاز قادری کے حمایت کے موقف پر قائم ہیں کیونکہ ہم کسی کو بھی یہ اجازت ہرگز نہیں دے سکتے کہ کوئی پیغمبر اسلام یا حضرت عیسیٰ کی شان میں کوئی گستاخی کرے۔‘

انھوں نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس کو یہ کوئی حق نہیں پہنچتا ہے کہ وہ کسی ملک کے معاملات میں کسی قسم کی مداخلت کرے۔‘