’نیٹو کو رسد کی فراہمی کا سلسلہ معطل‘

نیٹو
،تصویر کا کیپشنیہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان کی جانب سے نیٹو کو رسد کی فراہمی کا سلسلہ معطل کیا گیا ہو
وقت اشاعت

سرحدی چوکیوں پر نیٹو کے ہیلی کاپٹرز کے حملے کے بعد پاکستان میں زمینی راستے سے نیٹو افواج کو فوجی ساز و سامان اور تیل کی فراہمی کا سلسلہ معطل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا میں طورخم اور صوبہ بلوچستان میں چمن کے راستے افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کو رسد بھیجی جاتی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع نوشہرہ کے ڈی پی او محمد حسین نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ صوبائی حکومت نے رسد کی فراہمی کا سلسلہ معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ صوبے کی حدود میں داخل ہونے والے ٹرکوں اور ٹینکرز کو آگے نہ جانے دیا جائے اور واپس پنجاب کی حدود میں بھیج دیا جائے۔

اس سے قبل نیٹو کو رسد کی فراہمی کے مرکزی راستے پر واقع قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نے بتایا تھا کہ اگرچہ انہیں حکومت کی جانب سے سپلائی روکنے کا کوئی حکم نہیں ملا ہے لیکن اس واقعے کے بعد سے رسد لے جانے والا کوئی بھی ٹرک ایجنسی کی حدود سے گزر کر افغان سرحد کی جانب نہیں گیا ہے۔

ادھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سرکاری ذرائع نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ اس حملے کے بعد چمن کے راستے نیٹو کو فوجی سامان اور تیل کی فراہمی کا سلسلہ بھی روک دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ صوبے میں مختلف مقامات پر رکے ہوئے کنٹینرز اور آئل ٹینکرز کی حفاظت کے لیے مزید سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ پاکستان کی جانب سے نیٹو کو رسد کی فراہمی کا سلسلہ معطل کیا گیا ہو۔

گزشتہ برس بھی پاکستان نے یہ سپلائی دس دن کے لیے اس وقت بند کر دی تھی جب نیٹو افواج کی جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقے کرم ایجنسی میں ایک سکیورٹی چوکی اور دیگر مقامات پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئےحملے کیے گئے تھے۔

ان حملوں کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں میں نیٹو افواج کو تیل فراہم کرنے والے ٹینکروں پر حملوں میں بھی اضافہ ہوا تھا اور ملک کے مختلف حصوں میں ڈیڑھ سو سے زیادہ ٹینکروں کو جلا دیا گیا تھا۔