رشما پاور کمپنی 4.5 ارب روپے ادا کرے: عدالت

عدالت نے نیپرا سے کرائے کے بجلی گھروں کے ساتھ طے پانے والے بجلی کے نرخوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں
،تصویر کا کیپشنعدالت نے نیپرا سے کرائے کے بجلی گھروں کے ساتھ طے پانے والے بجلی کے نرخوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

سپریم کورٹ نے نجی پاور کمپنی رشما پاور پلانٹ کے ذمہ ساڑھے چار ارب روپے اٹھارہ نومبر تک ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ رقم امریکی ڈالرز میں ادا کی گئی تھی اس لیے اس کو اُسی کرنسی میں ہی واپس کیا جائے اور اس پر سُود بھی ادا کیا جائے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ کمپنی کے اہلکاروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

حکومت نے ڈھائی سال قبل مذکورہ پاور کمپنی کو اربوں روپے سولہ فیصد مارک اپ پر بینک سے قرضہ لیکر ادا کیے تھے۔

عدالت عظمیٰ نے یہ احکامات کرائے کے بجلی گھروں سے متعلق از خود نوٹس اور اس سلسلے میں دائر مختلف درخواستوں کی سماعت کے دوران دیے۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ان درخواستوں کی سماعت کی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ رشما پاور کمپنی معاہدے کے مطابق کام کرنے میں ناکام رہی ہے۔

مذکورہ پاور کمپنی کے وکیل کا کہنا تھا کہ اُن کے مؤکل نے ڈھائی ارب روپے ادا کردیے ہیں جس پر بینچ میں شامل جسٹس خلجی عارف حسین نے کہا کہ ساڑھے چار ارب روپے بطور ایڈوانس دیے گیے تھے اور اس پر مارک اپ بھی بنتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ رشما کمپنی کو ڈھائی سال پہلے رقم ایڈوانس میں دی گئی تھی لیکن کسی نے بھی اس کمپنی سے پوچھنے کی جسارت نہیں کی کہ وہ ابھی تک بجلی پیدا کیوں نہیں کر رہی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا جو ایک قومی ادارہ ہے اُس کے وکیل نے بھی اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ کرائے کے بجلی گھروں کے معاہدوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے نیپرا کی طرف سے متعلقہ حکام سے کہا گیا تھا کہ وہ ان معاہدوں پر نظر ثانی کریں لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

عدالت نے نیپرا سے کرائے کے بجلی گھروں کے ساتھ طے پانے والے بجلی کے نرخوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کرائے کے ان بجلی گھروں کو اربوں روپے کی رقم ایڈونس میں دی گئی لیکن وہاں سے ایک سو میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں ہو رہی۔ اُنہوں نے کہا کہ عدالت اُن افراد کے خلاف کارروائی کرے گی جنہوں نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ ان درخواستوں کی سماعت اٹھارہ نومبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے تین نجی پاور کمپنیوں سے چار ارب پچیس کروڑ روپے بھی سود سمیت وصول کیے ہیں۔ ان کمپنیوں میں ٹیکنو ای، نوڈیرو ٹو اور ینگ جن شامل ہیں۔

موجودہ حکومت نے ان کرائے کے بجلی گھروں کو ایڈوانس میں رقم دی تھی تاہم یہ کمپنیاں ایک میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں کر سکی تھیں۔ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد بجلی کے بحران پر فوری قابو پانے کے لیے اٹھارہ کرائے کے بجلی گھر لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔ بعد ازاں پہلے یہ تعداد کم ہوکر چودہ اور پھر آٹھ رہ گئی جبکہ اس وقت صرف چار بجلی گھر کام کر رہے ہیں سپریم کورٹ کے مطابق ان بجلی گھروں کی پیدوار ایک سو میگاواٹ سے بھی کم ہے۔