وزیرستان: پولیو کے نئے مریض

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پولیو کے پانچ نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہیں جبکہ اس سے پہلے بھی دو ہزار دس میں پولیو کے سات مریض سامنے آئے تھے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں میں سکیورٹی کی انتہائی خراب صورتحال کی وجہ سے پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
میرانشاہ میں پولیو مہم میں شامل ڈاکٹر خاندات خان نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ پولیو سے متاثرہ ان بچوں کا تعلق شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے ہیں۔اور تشخیص کے بعد ہی ان میں پولیو کے وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوسکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بائیس معاملات کو طبی تشخیص کے لیے اسلام آباد بھیجا گیا تھا۔جن میں اٹھ کیسوں کے نتائج واپس پہنچ گئے ہیں جن میں پانچ کیسوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تین کیسوں میں پولیو کے وائرس منفی تھے۔ان کے مطابق چودہ معاملات میں ابھی تک نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے اور ان میں مزید پولیو وائرس کی موجودگی کا خدشہ ہے۔
ڈاکٹر خاندات خان کا کہنا تھا کہ جن بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہیں ان میں شبیراللہ جن کی عمر پانچ مہینے، تسنیم عادل بارہ مہینے، نائیلہ پچیس مہینے، حلیمہ بی بی آٹھ مہینے جبکہ نائیمہ بی بی کی عمر تین سال کے قریب ہے۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچوں کا تعلق دور دارز علاقوں سے ہے۔جن میں شبیراللہ کا شک توئی اور نائیمہ کا ڈانڈے درپ خیل سے ہے اور ان علاقوں میں گزشتہ تین سالوں سے خراب حالت کی وجہ سے کوئی پولیو ٹیم نہیں گئی ہے۔
محمکہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں پولیو کے شکار بچوں کی تعداد میں اضافے کی بڑی وجہ ان علاقوں میں امن عامہ کی خراب صورتحال ہے اور اکثر علاقوں میں پولیو کے قطرے پلانے کے لیے چلائی جانے والی مہم کے لیے حلات سازگار نہیں ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے جن علاقوں میں مُبینہ شدت پسندوں کا اثر و رسوخ زیادہ ہے ان علاقوں میں مزید پولیو کیس سامنے آنے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے پولیو کے شکار بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان ایک ایسا قبائلی علاقہ ہے جہاں مبصرین کے خیال میں سب سے زیادہ شدت پسند موجود ہیں۔



















