’صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے‘

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بلوچستان میں ایک صحافی کے قتل اور شمالی وزیرستان سے ایک صحافی کے اغواء پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت پاکستان پر زور دیا ہے وہ صحافیوں اور میڈیا کے کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں کئی صحافیوں اور میڈیا کے کارکنوں کو دھمکیوں اور حملوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے خاص طور پر انہیں جو ملک کی سکیورٹی فورسز، سیاسی گروہوں اور عسکریت پسندوں کی پرتشدد کارروائیوں کے بارے میں رپورٹنگ کرتے ہیں۔
نامہ نگار احمد رضا کے مطابق تنظیم کا کہنا ہے کہ جنوری سنہ دو ہزار گیارہ سے لے کر اب تک کم از کم چھ صحافیوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔
بلوچستان کے ضلع خضدار کے صحافی منیر احمد شاکر کے صحافی دوستوں کا کہنا ہے کہ انہیں صرف اس لیے قتل کیا گیا تاکہ صحافیوں کو علاقے میں انسانی حقوق کی انتہائی تشویشناک صورتحال پر رپورٹنگ سے دور رکھا جاسکے۔
ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ مئی میں صحافی سلیم شہزاد کو اسلام آباد میں ان کے گھر کے قریب سے اغواء کیا گیا اور اس کے بعد ان کی لاش صوبہ پنجاب سے ملی جس پر تشدد کے واضح نشانات تھے۔
سلیم شہزاد نے پچھلے سال اپنے دوستوں کو مطلع کیا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج میں القاعدہ کے ہمدردوں میں اضافے کے بارے میں رپورٹنگ کرنے کی وجہ سے ان کی جان کو خطرہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سلیم شہزاد کے قتل کی تحقیقات کے لیے حکومت کی جانب سے کمیشن تشکیل دینا خوش آئند ہے لیکن ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا یہ کمیشن پاکستان کی طاقتور خفیہ ایجنسیوں کے بارے میں جامع تحقیقات کر پاتا ہے یا نہیں جو بڑی حد تک احتساب سے بالاتر ہیں۔
تنظیم نے گیارہ اگست کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے اغواء ہونے والے صحافی رحمت اللہ داوڑ کا ذکر کرتے کہا ہے کہ اگرچہ ان کے اغواء کی ذمہ داری اب تک کسی نے قبول نہیں کی لیکن خدشہ ہے کہ انہیں پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں یا طالبان نے اغواء کیا ہو گا کیونکہ پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں اغواء اور ماورائے عدالت ہلاکتوں میں انہی دونوں کو ملوث کیا جاتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
علاقے کے صحافیوں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے مستقبل کا ڈر ہے اور وہ خود کو بے بس محسوس کرتے ہیں کیونکہ وہ فوج یا طالبان کی جانب سے انتقامی کارروائی کی وجہ سے اپنے ساتھی صحافی کے اغواء پر احتجاج بھی نہیں کرسکتے۔
تنظیم نے حکومتِ پاکستان سے کہا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے مسلمہ بین الاقوامی معیار کے مطابق صحافیوں کی ہلاکتوں اور اغواء کے واقعات کی مکمل اور جامع تحقیقات کرائے اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔



















