’دفاعی بجٹ میں اربوں روپے کی بےقاعدگیاں‘

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشندفاعی بجٹ سے تقریبا اٹھارہ کروڑ روپے کی رقم قوائد و ضوابط کے خلاف استعمال کی گئی۔
    • مصنف, اعجاز مہر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

عوامی نیشنل پارٹی کی رکن بشریٰ گوہر نے قومی اسمبلی میں کہا ہے کہ دفاعی بجٹ میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے چھپن ارب روپوں کی مالی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی ہے حکومت اس کا نوٹس لے اور ایوان میں بحث کرائی جائے۔

جس پر حکومت کی جانب سے کسی نے اس کا جواب نہیں دیا لیکن افسرِ صدارت عامر مگسی نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی یہ رپورٹ دفاع کے بارے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں زیر غور آئے گی۔

قومی اسمبلی میں اس بارے میں مزید بات نہیں ہوئی لیکن آڈیٹر جنرل کی یہ رپورٹ حکومت پہلے ہی قومی اسمبلی میں پیش کر چکی ہے جس کی کاپی بی بی سی کے پاس بھی دستیاب ہے۔

اس آڈٹ رپورٹ کو نام تو سنہ دو ہزار دس اور گیارہ کا دیا گیا ہے لیکن اس میں دفاع کے بجٹ کی رقم مالی سال برائے دو ہزار نو اور دس کی آڈٹ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈیفینس سروسز کی چھتیس سو سترہ فارمیشنیں ہیں جس میں سے ایک سو بہتر کا آڈٹ کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دفاعی بجٹ میں فراڈ، گھپلوں، چوری اور سرکاری وسائل کے غلط استعمال کے مد میں پانچ ارب دس کروڑ روپے سے زیادہ رقم کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جبکہ دفاعی بجٹ سے تقریبا اٹھارہ کروڑ روپے کی رقم قواعد و ضوابط کے خلاف استعمال کی گئی ہے۔

دفاعی بجٹ کے حساب کتاب میں دو ارب بتیس کروڑ روپوں سے زیادہ کی غلطیاں کی گئی ہیں اور اکاؤنٹنگ پالیسی پر عمل بھی نہیں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ارب چوالیس کروڑ روپوں سے زیادہ رقم کی ’اوور پیمنٹ‘ کی گئی ہے اور ایک ارب روپوں سے زیادہ رقم کا حساب کتاب ہی نہیں دیا گیا کہ وہ رقم کہاں خرچ ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق دفاع کے لیے تین سو اٹھہتر ارب روپے رکھے گئے لیکن تقریباً نو ارب اسی کروڑ اضافی اخراجات کے مد میں لیے گئے اور یوں مجموعی دفاعی بجٹ تین سو ستاسی ارب سے زیادہ رہا۔

آڈیٹر جنرل نے کہا ہے کہ گزشتہ دس برسوں میں پانچ سو انتیس اقدامات تجویز کیے گئے لیکن اس میں سے صرف پینسٹھ ہدایات پر عمل ہوا جبکہ پینسٹھ فیصد سے زیادہ ہدایات پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

آڈیٹر جنرل کے مطابق بھمبر اور جلال پور جٹاں سمیت بعض فوج کے ’نان فیملی سٹیشن‘ پر قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ’فیملی فلیٹ‘ بنائے گئے اور پونے دو کروڑ روپے کی رقم اس پر خرچ کی ہوئی۔

ملیر چھاؤنی میں کمرشل بنیاد پر چلنے والی برف کی فیکٹری سے پانی اور بجلی کے مد میں پچیس لاکھ سے زیادہ رقم معاف کردی گئی جبکہ فیصل بیس میں بل بورڈز سے وصول ہونے والی ایک کروڑ کی رقم بورڈ کے اکاؤنٹ میں جمع نہیں کروائی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ‘بلٹ پروف جیکٹ‘ خریدنے کا کام فرنٹیئر ورکس آرگنائیزیشن ‘ایف ڈبلیو او‘ کو دیا گیا اور اس میں بیالیس کروڑ روپوں سے زیادہ کا گھپلا کیا گیا۔ چھبیس ہزار سے زیادہ جیکٹ خریدنے کے لیے نو ہزار سات سو روپے فی جیکٹ مطلوبہ رقم سے زیادہ ادا کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ فوجی افسر جو فوجی رہائش گاہ استعمال کرتے ہیں وہ ہاؤس رینٹ کی مد میں بھی رقم لیتے رہے ہیں اور اس طرح کی پندرہ لاکھ روپوں سے زیادہ غلط رقم کے استعمال کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور میں ایئرپورٹ روڈ پر ساڑھے تین سو ایکڑ زمین فوج نے فالتو قرار دے کر فوجی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں تعمیر کرنے کے لیے بیچنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن بعد میں حکومت کی منظوری کے بنا اس زمین پر گیریزن گولف اور کنٹری کلب بنادیا جو تجارتی مقصد کے لیے استعمال ہو رہے ہیں اور ہونے والی آمدنی رجمینٹل فنڈ میں جمع کرائی جا رہی ہے۔

’ویک انٹرنل کنٹرول‘ کی وجہ سے آڈیٹر جنرل نے تین ارب نو کروڑ روپوں سے زیادہ رقم کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے جو قواعد کے خلاف استعمال ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں تیرہ سو پچاسی گاڑیاں تین ارب روپوں سے زیادہ رقم میں خریدیں لیکن وہ تین برسوں سے کھڑی ہیں اور استعمال نہیں کی گئیں اور یہ سرکاری رقم کا بے جا استعمال ہے۔

رپورٹ کے مطابق تینوں مسلح افواج بری، بحری اور فضائیہ میں مالی بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں۔ رسالپور اکیڈمی میں غیر ملکی کیڈٹس سے میس میں رہائش کی جو ڈیڑھ کروڑ روپوں کی فیس لی گئی وہ سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی گئی۔

آڈیٹر جنرل کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی خریداری سے لے کر افسران کے الاؤنسز تک کے معاملات میں قواعد کی خلاف ورزی معمول بن گیا ہے۔ فوج غیر قانونی طور پر تجارتی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہے۔