مہمند: دو رضا کار ہلاک، پانچ اہلکار زخمی

پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں حکام کے مطابق باردوی سرنگ کے دو دھماکوں میں امن کمیٹی کے دو رضاکار ہلاک اور سکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکاروں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
مہمند ایجنسی میں ایک اعلیٰ اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ بدھ کی صُبح تحصیل بائیزئی میں بائی ڈاک سے زیارت تک کے علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔
<link type="page"><caption> مہمند: طالبان کی طاقت و پس منظر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2010/12/101207_mohmand_analysis_sen.shtml" platform="highweb"/></link>
اہلکار کے مطابق بریختہ کے نام سے شروع کی جانے والی کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے علاوہ مقامی امن لشکر کے رضاکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔
اس آپریشن میں متاثرہ علاقوں کو مرحلہ وار شدت پسندوں سے صاف کیا جا رہا ہے۔
اہلکار کے مطابق پہلے مرحلے میں تحصیل پنڈیالئی کے علاقے داوزئی اور دوسرے مرحلے میں تحصیل بائیزئی کے علاقے شیخ بابا، سوران اور مٹئی میں کارروائی شروع کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ زیارت غخے کی طرف پیش قدمی کے دوران بارودی سرنگ کے دو دھماکوں کے نتیجے میں امن لشکر کے دو رضاکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
انہوں نے بتایا کہ بارودی سرنگ کے ایک دوسرے دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر غلنئی منتقل کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مہمند ایجنسی میں حالیہ آپریشن سے پہلے بھی سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف غیر اعلانیہ کارروائی شروع کی تھی۔
گزشتہ سال مہمند ایجنسی کے صدر مقام غلنئی میں پولیٹکل ایجنٹ نے پشاور کے صحافیوں کے ایک وفد کو بتایا تھا کہ مہمند ایجنسی کے اکثر علاقوں کو شدت پسندوں سے صاف کرا لیا گیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا تھا کہ مہمند ایجنسی سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین واپس اپنے اپنے علاقوں میں آ جائیں لیکن اس اعلان کے ایک سال بعد بھی مذکورہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال خراب نظر آتی ہے۔



















