بلوچستان: فائرنگ سے افغان کمانڈر ہلاک

پاکستان کے صوبۂ بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے سرانان میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک افغان کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے ہلاکت کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق افغان کمانڈر محمد سیلم خان اپنے رشتہ داروں سے ملنے افغانستان سے بلوچستان میں واقع افغان مہاجرین کیمپ سرانان آئے تھے جہاں مسلح افراد نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب انھیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
واقعہ کے بعد لیویز نے لاش کو ضروری کارروائی کے لیے پشین کے سول ہسپتال پہنچا دیا جہاں ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔
ضلع پشین کے ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مقامی لیویز نے قتل کے شبہہ میں دوافراد کو گرفتار کر لیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
دریں اثناء طالبان ذرائع نے افغان کمانڈر کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا ہے کہ کمانڈر محمد سلیم نے افغانستان میں طالبان کے خلاف کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں معصوم لوگوں کو ہلاک کیا تھا۔
خیال رہے کہ پیر کو نامعلوم افراد نے پشین سے امریکن رفیوجی کمیٹی کے آٹھ اہلکاروں کو اس وقت اغواء کیا تھا جب وہ سرانان میں افغان مہاجر کیمپ سے کوئٹہ کی طرف جا رہے تھے۔
پشین میں اعلیٰ حکام کے مطابق اغواء ہونے والے (اے آر سی ) کے کارکنوں کو قلعہ سیف اللہ میں دیکھا گیا ہے اور اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ اغواء کاروں نے امریکی این جی او کے ساتھ کام کرنے والے پاکستانیوں کو قبائلی علاقے پہنچا دیا ہے ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم آخری اطلاع تک کسی بھی تنظیم نے اغواء کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔



















