’سٹیٹ بینک گورنر کا استعفیٰ منظور‘

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سٹیٹ بینک کے صدر ڈاکٹر شاہد کاردار کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ یاسین انور کو یہ چارج دیا گیا ہے۔
گورنر شاہد کاردار نے حکومتی پالیسیوں سے اختلاف کرتے ہوئے پندرہ جولائی کو استعفیٰ دیا تھا جو پیر کی شب منظور کیا گیا ہے۔
کراچی سے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق ڈاکٹر شاہد کاردار نے حکومت کی جانب سے زیادہ کرنسی نوٹ چھاپنے اور بینک سے قرضہ کا سلسلہ نے روکنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔
گزشتہ تین سالوں میں ڈاکٹر شاہد کاردار سٹیٹ بینک کے تیسرے گورنر ہیں جنہوں نے حکومتی پالیسیوں سے اختلاف رائے رکھتے ہوئے استعفیٰ دیا ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر شمشاد اختر اور سلیم رضا بھی مستعفی ہوچکے ہیں۔
اخباری اطلاعات کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں کی بھی تجویز تھی کہ ڈاکٹر شاہد کاردار اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہے مگر ڈاکٹر کاردار اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔















