مونس الٰہی:’کارروائی ماتحت عدلیہ کے پاس‘

مونس الٰہی پر مبینہ طور پر بتیس کروڑ روپے رشوت لینے کا الزام ہے
،تصویر کا کیپشنمونس الٰہی پر مبینہ طور پر بتیس کروڑ روپے رشوت لینے کا الزام ہے
وقت اشاعت

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس اعجاز احمد چودھری نے مسلم لیگ قاف کے رہنما اور سینیئر وفاقی وزیر چودھری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الہی کے خلاف مقدمہ، کارروائی کے لیے لاہور کے ڈسٹرکٹ وسشین جج کو بھجوا دیا ہے۔

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے وفاقی حکومت کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وہ جلد از جلد نوٹیفیکیشن جاری کرے تاکہ لاہور کے ڈسٹرکٹ وسشین جج کو مقدمہ کی سماعت کرنے کے لیے بینکنگ کورٹ کے جج کے اختیارات دیے جا سکیں۔

پانچ جولائی کو لاہور کی بینکنگ کورٹ کے جج نے مونس الہیٰ کے خلاف مقدمہ پر کارروائی کے دوران ان کے وکیل کے رویہ کی بنا پر مقدمے کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

<link type="page"><caption> عدلیہ، حکومت محاذ آرائی، اب میڈیا میں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2011/07/110713_advertisement_aginst_judiciary_tk.shtml" platform="highweb"/></link>

بینکنگ کورٹ کے جج ملک عبدالرشید نے مقدمہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوادیا تاکہ مقدمہ پر سماعت کسی اور جج سے کرائی جا سکے۔

مونس الٰہی پر الزام ہے کہ انہوں نے سستی اراضی کو مہنگے داموں نیشنل انشونس کمپنی کو فروخت کرنے کے سودے میں مبینہ طور پر بتیس کروڑ روپے رشوت لی تھی۔

لاہور سے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق کہ مونس الٰہی کے وکلا کا کہنا ہے ان کے موکل پر فردِ جرم عائد ہونے کے بعد سرکاری گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے تھے لیکن اس مقدمہ کے تمام گواہ اپنے بیان سے منحرف ہو چکے ہیں لہذا یہ بریت کا معاملہ ہے۔

وکیل صفائی کا اعتراض ہے کہ عدالت مقدمے کے شریک ملزم اور مونس الہی کے مینجر عبدالمالک کا بیان ریکارڈ نہیں کر سکتی۔عدالت نے مونس الٰہی کے وکیل کے اعتراض کو رد کیا جس پر صفائی کے وکلاء نے اپنے موقف کے حق میں جارحانہ رویہ اپنایا تھا۔

مونس الٰہی اس وقت رکن پنجاب اسمبلی ہیں اور وفاقی تحقیقاتی ادارے یعنی ایف آئی اے نے ان کے خلاف این آئی سی ایل سکینڈل میں ملوث ہونے کے الزامات کی چھان بین کی تھی۔

بینکنگ کورٹ کے جج کی طرف سے مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ کی سماعت سے معذوری پر حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ قاف کے لائیرز ونگ کی طرف سے نجی ٹی وی چینلز پر ایک اشہتار نشر کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے عدلیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

مسلم لیگ قاف کے رہنما مونس الٰہی نے عدالت سے ضمانت خارج ہونے پر خود کو ایف آئی اے حکام کے حوالے کیا تھا اور جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد وہ ان دنوں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

اسی مقدمہ کی سماعت کے دوران مونس الٰہی کے والد اور مسلم لیگ قاف پنجاب کے سربراہ پرویز الہی پیپلز پارٹی کے ساتھ حکمران اتحاد میں شامل ہوگئے اور اس وقت وفاقی کابینہ میں سینیئر وزیر ہیں