گھس آنے والے ہیلی کاپٹروں کی نشاندہی مشکل کیوں؟

پاکستان کی فضائیہ (پی اے ایف) کے ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف نے ایبٹ آباد واقعے کے تحقیقاتی کمیشن کو بتایا کہ پی اے ایف نے مئی سن دو گیارہ تک مغربی سرحدوں پر امن کی حالت برقرار رکھی تھی۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں کام کرنے والے ایبٹ آباد واقعے کے تحقیقاتی کمیشن کا دوسرا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں ہوا۔
کمیشن کے دیگر اراکین میں سابق آئی جی پنجاب پولیس عباس خان، سابق سفیر اشرف جہانگیر قاضی اور لیفنٹنٹ جنرل ریٹائرڈ ندیم احمد ہیں۔
اسلام آباد میں کابینہ ڈویژن میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر پاکستان کی بری فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن میجر جنرل اشفاق ندیم اور فضائیہ کے آپریشن کے نگران ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ائیر مارشل محمد حسن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
اس اجلاس کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ائیر مارشل محمد حسن نے ان واقعات کے بارے میں تفصیل سے بتایا جس کی وجہ سےایبٹ آباد کی کارروائی ہوئی۔
بیان کے مطابق انھوں نے پاکستانی فٰضائیہ کے ریڈار سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو فضائیہ کے دفاعی نظام کا ایک اہم حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ انھوں نے کمیشن کو نچلی اور بالائی سطح کی نگرانی کرنے والے ریڈار کے مقامات اور جنگ اور امن میں ان کے کام کرنے کے طریقے کار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

،تصویر کا ذریعہTVE
بیان کے الفاظ میں ائیر مارشل محمد حسن نے کمیشن کو ان حالات کے بارے میں بھی بتایا جن میں ریڈار ملک میں گھس آنے والے طیارے یا ہیلی کاپٹر کی نشاندہی نہیں کرسکتا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بیان میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ گزشتہ کئی سالوں سے دو مئی دو ہزار گیارہ تک پی اے ایف نے مغربی سرحد پر امن کی حالت برقرار رکھی تھی۔
ائیر مارشل نے بیان کے مطابق کمیشن کو یہ بھی بتایا کہ ایبٹ آباد میں امریکی کارروائی کے بارے میں معلوم ہونے کے فوری بعد پاکستان ائیر فورس یا پی اے ایف نے قواعد کے مطابق مناسب آپریشنل اقدامات کیے۔
انھوں نے بتایا کہ پی اے ایف کے طیارے صبح تک ایبٹ آباد میں موجود رہے اور بعد میں وہ اپنے اڈوں پر واپس چلے گئے۔
بیان کے مطابق محمد حسن نے کمیشن کی طرف سے پوچھے گیے مختلف سوالات کے جواب بھی دیئے جو خاص پر کمیشن کے رہنما اصولوں کے بارے میں تھے۔
ایک سرکاری افسر نے بی بی سی سے بات کرتے ہویے کہا کہ پاکستان کی بری فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن میجر جنرل اشفاق ندیم کچھ دیر اجلاس میں موجود رہنے کے بعد چلے گئے تھے اور وہ اپنا بیان قلمبند نہیں کراسکے۔
سرکاری اہلکار کا کہنا ہے کہ اس کی ایک وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ کمیشن کے لیے یہ ممکن نہیں تھا کہ وہ ایک ہی وقت میں ان دونوں افسروں کے بیانات ریکارڈ کراتے اور شاید یہی وجہ ہے ڈی جی ملٹری آپریشن واپس چلے گئے۔
اس سے پہلے پانچ جولائی کو کمیشن نے اپنے پہلے اجلاس میں ہر اس شخص کو اپنی گواہی قلمبند کروانے کی ہدایت کی تھی جو ان واقعات کے بارے میں اطلاع رکھتا ہو۔
کمیشن نے یقین دلایا ہے کہ ایسا کرنے والے افراد کا نام صیغہِ راز میں رکھا جائے گا اور انہیں قانونی تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا۔
اپنے پہلے اجلاس میں کمیشن نے اسامہ بن لادن کے اہل خانہ کو پاکستان سے باہر جانے سے روک دیا تھا۔
پاکستان کے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے حکم پر بننے والے کمیشن کے ذمہ چار بنیادی کام ہیں: ایک تو اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں موجودگی کے بارے میں اصل حقائق معلوم کرنا، ان حالات و واقعات پر بارے میں جاننا جن میں اسامہ کی ہلاکت کے لیے امریکی کارروائی کی گئی، ان حالات اور وجوہات کا پتہ چلانا جو ذمہ دار سرکاری اہلکاروں کی مبینہ غفلت کا سبب بنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کے سدباب کے لیے تجاویز دینا ہے۔ کمیشن کا اجلاس اٹھارہ جولائی کو دوبارہ ہوگا۔



















