’سینیئر صحافی معاونت کریں‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
سپریم کورٹ کے جج میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیشن نے مقتول صحافی سلیم شہزاد کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے مقدمے کے مدعی اور پندرہ سینیئر صحافیوں کو معاونت کے لئے طلب کر لیا ہے۔
کمیشن نے ہیومن رائٹس واچ کے عہدے دار علی دیان کو بھی طلب کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے تحقیقاتی کمیشن نے یہ فیصلہ سلیم شہزاد کے قتل کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے عوام الناس سے کی جانے والی اپیل کا خاطر خواہ نتیجہ نہ نکلنے پر کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے تحقیقات کمیشن نے جن پندرہ صحافیوں کو طلب کیا ہے ان میں زاہد حسین ، حمید ہارون ،طلعت حسین، نسیم زہرہ، حامد میر، ابصار عالم، مطیع اللہ جان، ظاہر شاہ، عمرچیمہ، نجم سیٹھی، ظفر شیخ، فیضان، عاطف، اعزاز سید اور امتیاز عالم شامل ہیں۔
کمیشن کی سربراہی جس میں ثاقب نثار کر رہے ہیں جبکہ دیگر ارکان میں وفاقی شرعی عدالت کے جج جسٹس آغا رفیق، آئی جی پولیس پنجاب جاوید اقبال، آئی جی پولیس اسلام آباد بنیامن اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر پرویز شوکت شامل ہیں۔
لاہور میں بی بی سی کے نامہ نگار عبادالحق نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں ہوا۔ بند کمرے کا یہ اجلاس تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہا۔
اجلاس کے بعد وفاقی سیکرٹری اطلاعات تیمور عظمت عثمان نے صحافیوں کو کارروائی کے بارے میں بتایا کہ اجلاس کے دوران کمیشن نے سلیم شہزاد کے قتل کے بارے میں ان کے دوستوں، ساتھیوں اور رشتہ داروں سے معلومات حاصل کرنے کے لئے جو اپیل کی تھی اس کے خاطر خواہ نتائج نہیں نکلے ہیں۔
انہوں نے بتایا کے کمیشن نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ سلیم شہزاد کی ای میلز کا تمام ریکارڈ فراہم کیا جائے اور یہ ریکارڈ کمیشن کے سامنے سلیم شہزاد کے ای میل اکاؤنٹ سے نکالا جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کے اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سلیم شہزاد کے ٹیلی فون کا ریکارڈ محفوظ بنانے کے لئے پی ٹی اے جو ہدایت جاری کی گئی تھی اس کے مطابق ٹیلی فون ریکارڈ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ یہ ریکارڈ پانچ روز تک کمیشن کو فراہم کر دیا جائے گا۔
تیمور عظمت عثمان نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس نے سلیم شہزاد کے قتل کی تحقیقات میں ہونے والے پیشرفت سے بھی آگاہ کیا جس کا کمیشن جائزہ لےگا۔
کمیشن کا آئندہ اجلاس نو جولائی کو اسلام آباد میں ہوگا۔



















